فارم 45نہ ملنے پر سیاسی جماعتوں کا ہنگامہ ،یہ فارم دراصل ہوتا کیا ہے ؟وہ بات جو آپ کو معلوم نہیں

فارم 45نہ ملنے پر سیاسی جماعتوں کا ہنگامہ ،یہ فارم دراصل ہوتا کیا ہے ؟وہ بات جو آپ کو معلوم نہیں 

انتخابات 2018کے انتخابی نتائج کے آنے سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری ہے تاہم مسلم لیگ ن ، پاکستان پیپلز پارٹی، پاک سرزمین پارٹی ،متحدہ مجلس عمل ،تحریک لبیک ،اہل سنت والجماعت اور دیگر سیاسی جماعتوں کی جانب سے انتخابی نتائج ماننے سے انکار کر دیا ہے اور الزام عائد کیا ہے کہ مرضی کے نتائج حاصل کرنے کے لئے ان کے امیدواروں کو’’ فارم 45‘‘ نہیں دیا جا رہا جبکہ شہباز شریف نے تو دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے انتخابی نتائج تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے ،دوسری طرف لاہور ،کراچی ،اسلام آباد ،جھنگ اور بعض دیگر شہروں میں مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکن ’’فارم 45‘‘ نہ ملنے کے خلاف سراپا احتجاج ہیں ،فارم 45کیا ہے اور اس کی انتخابی نتیجے میں کیا حیثیت ہوتی ہے ؟قارئین کی دلچسپی کے لئے مکمل معلومات دی جا رہی ہیں ۔

الیکشن میں پولنگ ختم ہوتے ہی پریزائڈنگ آفیسر کی زیرنگرانی اسسٹنٹ پریزائڈنگ آفیسرز اور پولنگ افسران انتخابی امیدواران کے پولنگ ایجنٹس کی نگرانی میں ووٹوں کی گنتی شروع کرتے ہیں، اس دوران پولنگ اسٹیشن کے تمام داخلی وخارجی راستے مکمل طورپر بند کردیے جاتے ہیں۔پہلے بیلٹ باکس میں موجود تمام بیلٹ پیپرز کی گنتی ہوتی ہے،بیلٹ پیپرز کی گنتی کے بعد بعد ٹینڈرڈ اور چیلنج کیے گئے بیلٹ پیپرز گنے جاتے ہیں اور پھر ہر امیدوار کے بیلٹ کی گنتی کی جاتی ہے۔پریزائڈنگ آفیسر دو فارم تیار کرتا ہے۔ فارم 45 میں گنتی کے نتائج لکھے جاتے ہیں اور اس فارم پر جنس کی بنیاد پر ووٹروں کی تفصیلات بھی درج ہوتی ہیں۔دوسرا فارم 46 بیلٹ پیپر اکاؤنٹ کہلاتا ہے جس میں بیلٹ پیپر کی تمام تفصیلات درج ہوتی ہیں۔ دونوں فارمز پر پریزائڈنگ آفیسر، سینئر اسسٹنٹ پریزائڈنگ آفیسر دستخط کرتے ہیں۔انتخابی ضابطہ اخلاق کے تحت اگر کوئی دستخط کرنے سے انکار کرے تو پریزائڈنگ آفیسر فارم پر لکھ دیتا ہے۔پریزائڈنگ آفیسراور سینئر اسسٹنٹ پریزائڈنگ آفیسر پولنگ اسٹیشن نتائج کے فارم پر مہر اور انگوٹھا لگاتے ہیں۔ پریزائڈنگ آفیسر گنتی کے نتائج کا سنیپ شاٹ لے کر الیکٹرانک طریقے سے کمیشن اور ریٹرننگ آفیسرز کو بھیج دینے کا پابند ہوتا ہے۔حلقے کے تمام پریزائڈنگ آفیسر سے نتائج وصول کرنے کے بعد ریٹرنگ آفیسر انہیں فارم 47 میں پر کرتے ہیں۔ریٹرننگ آفیسر صوبائی نتائج مرتب کر کے رات دو بجے سے پہلے الیکشن کمیشن کو ارسال کرتے ہیں۔دستاویزات وصول کرنے کے بعد الیکشن کمیشن انتخابات کے نتائج کا اعلان اپنی ویب سائٹ پر کرتا ہے۔ اس کے لیے 14 دن میں انتخابی نتائج کا اعلان کرنا لازمی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں