سویڈن میں نئے پاکستانی سفیر طارق ضمیر کا تقرر

سٹاک ہوم(عارف کسانہ) سویڈن کے لیے پاکستان کے نئے سفیر طارق ضمیر نے اپنی سویڈن آمد کے بعد یہاں مقیم اہم پاکستانی عمائدین کے وفود سے ملاقاتیں کیں اور اہم امور پر تبادلہ خیالات کیا۔ کمیو نیٹی رہنمائوں نے انہیں سویڈن آمد اور یہاں اپنی سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے پر خوش آمدید کہا اور اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ سویڈن میں مقیم پاکستانی کمیونیٹی اور سفارت خانہ کے مابین بہت قریبی اور دوستانہ تعلق قائم ہے۔ سفیر پاکستان طارق ضمیر نے اس اچھے ماحول کی فضا قائم رکھنے پر کمیونیٹی اور سفارت خانہ کے عملہ کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا اُن کے دروازے تمام پاکستانیوں کے ہمیشہ کھلے ہیں اور کسی بھی شدید ضرورت کے تحت سفارت خانے کا عملہ ہر وقت خدمت کے لیے مستعد ہوگا۔ انہوں نے سویڈن میں پاکستانی کمیونیٹی کی بہت تعریف کی وہ امن پسند، قانون کا احترام کرنے والے اور اعلٰی خدمات کے باعث سویڈش معاشرہ میں قابل عزت مقام رکھتے ہیں۔ پاکستانی طلباء نے سویڈن میں اعلٰی تعلیم کے مواقع سے بہت بہتر فائدہ اٹھایا ہے ۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان کی نظریاتی شناخت اور فکر اقبال کو اجاگر کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سفارت خانہ اس سلسلہ میں کمیونیٹی کے ساتھ مل کر کام کرے گا اور سفارت خانہ کے تحت عید میلادالنبیۖ منانے کی روایت کو برقرار رکھاجائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں