سویڈن میں بیس گھنٹے کا روزہ

سٹاک ہوم( رپورٹ : عارف کسانہ )سویڈش مسلمان بھی پوری عقیدت اور احترام سے ماہ رمضان کے روزے رکھ رہے ہیں اگرچہ سٹاک ہوم میں روزوں کو دورانیہ بیس گھنٹے سے زائد ہے ۔سویڈن کے خوشگوار موسم گرما کی وجہ سے بچے بھی روزہ داروںمیں شامل ہیں۔ قطب شمال کا خطہ ہونے کی وجہ سے شمالی سویڈن میں توان دنوں سورج چوبیس گھنٹے چمکتا ہے جس کی وجہ سے طلوع و غروب کے اوقات ہی موجود نہیں ہیں۔سویڈن کے شمالی شہروں کیرونا، بودن ، لولیو اور دیگر علاقوں میں بھی مسلمان آباد ہیں۔ اس قدر طویل روزوں کے لیے شمالی سویڈن کے مسلمان چوبیس گھنٹوں کی بجائے دارالحکومت سٹاک ہوم یا ملک کے جنوبی شہر مالمو کے اوقات کار اپناتے ہوئے بیس گھنٹے کا روزہ رکھتے ہیں جبکہ کچھ لوگ ابھی قضا کرکے سال کے دیگر ایام میں رمضان کے روزے رکھیں گے مگر ایسے لوگ بھی ہیں جو چوبیس گھنٹے کا روزہ رکھ رہے ہیں اور وہ افطار و سحر ایک ساتھ کرتے ہیں۔ سعودی عرب اور برطانیہ کے برعکس اس سال سویڈن میں زیادہ تر مساجد نے 28جون بروز ہفتہ سے آغاز رمضان کیا ہے۔ اُن مساجد میں سٹاک ہوم کی مرکزی مسجد، مسجد اہل بیت میسٹا، مسجد عمر تھینستھا، مسجد عائشہ اور ترک مسلمانوں کی مساجد شامل ہیں جبکہ کچھ لوگوں نے اتوار 29جون سے آغاز رمضان کیا۔ اگرچہ رمضان کا آغاز دو مختلف دنوں سے ہوا ہے مگر توقع ہے عید ایک ہی روز یعنی 28جولائی کے ممکن ہوسکے گی۔ اس بارے میں بات کرتے ہوئے مسجد اہل بیت کے امام اور خطیب سید ہادی حسن نے کہا کہ ہم نے ترک مسلمانوں کے ساتھ ہی ہفتہ سے آغاز رمضان کیا ہے اور اُن کے ساتھ ہی عید 28جولائی کو کریں گے اور اس سلسلہ میں مسجد اہل بیت میسٹا ، فتیا اور دیگر مقامات پر نماز عید کے اجتماعات ہوں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں