زبان لمبی ہونے کا محاورہ تو آپ نے سنا ہوگا لیکن اب دنیا کی سب سے لمبی زبان والا شخص بھی سامنے آگیا، اس سے کونسے کام لے سکتا ہے؟ جانئے

زبان لمبی ہونے کا محاورہ تو آپ نے سنا ہوگا لیکن اب دنیا کی سب سے لمبی زبان والا شخص بھی سامنے آگیا، اس سے کونسے کام لے سکتا ہے؟ جانئے 

زبان دراز ہونا محاورتاً تو استعمال ہوتا ہی ہے تاہم آج ہم آپ کو ایک ایسے نوجوان کے بارے میں بتانے جا رہے ہیں جس کی زبان دنیا میں سب سے زیادہ لمبی ہے، بولنے میں نہیں بلکہ لمبائی میں۔ اس 20سالہ نوجوان کا نام پروین ہے اور وہ بھارتی ریاست تامل ناڈو کے شہر چنئی کا رہائشی ہے اور انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کر رہا ہے۔ پروین اپنی لمبی زبان کی وجہ سے بھارت ہی نہیں، دنیا بھر میں شہرت حاصل کر چکا ہے کیونکہ وہ حیران کن طور پر اپنی لمبی زبان سے نہ صرف لکھ سکتا ہے بلکہ پینٹنگ بھی بنا سکتا ہے۔

وہ اپنی زبان سے لکھنے اور پینٹنگز بنانے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتا رہتا ہے، جس سے اسے عالمی سطح پر شہرت مل چکی ہے۔ پروین کا دعویٰ ہے کہ ”اس وقت گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں دنیا کی سب سے لمبی زبان کا اعزاز جس امریکی شخص کے پاس ہے اس کی زبان کی لمبائی 10.1سینٹی میٹر ہے جبکہ میری زبان 10.8سینٹی میٹر لمبی ہے۔“

انڈیا کی بک آف ریکارڈز میں پروین اپنا نام درج کرا چکا ہے او ر اب اس کی خواہش ہے کہ وہ گنیزبک آف ورلڈ ریکارڈ کی ٹیم کے سامنے اپنی زبان سے لکھ کر انہیں دکھائے اور پینٹنگ بھی بنائے۔واضح رہے کہ اس وقت دنیا میں لمبی ترین زبان کا اعزاز امریکی ریاست کیلیفورنیا کے نک سٹوئبرل کے پاس ہے۔ اس نے 2012ءمیں برطانوی شہری سٹیفن ٹیلر کو شکست دے کر یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔ سٹیفن کی زبان 9سینٹی میٹر لمبی تھی۔

اپنا تبصرہ لکھیں