رواں سال عرب شاہی خاندانوں کی کتنی شخصیات کو تلور کا شکار کرنے کی اجازت دیدی گئی؟ بڑی خبر

سندھ میں رواں سال عرب شاہی خاندانوں کی 14 شخصیات کو تلور کے شکار کے اجازت نامے جاری کردیے گئے۔

نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق وزارت خارجہ نےصوبوں کو وائلڈ لائف قوانین کے تحت ہنٹنگ لائسنس جاری کرنے کی سفارش کی تھی۔ دستاویزات کے مطابق وفاق نے سندھ سے درخواست کی تھی کہ عرب شیوخ کو شکار کی اجازت دی جائے، ان شیوخ میں عرب امارات کے صدر اور بحرین کے وزیراعظم بھی شامل ہیں۔

دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ عرب امارات کے صدر کو بدین، سانگھڑ، گھوٹکی، نوابشاہ اور خیرپور میں شکار کی اجازت دی گئی، اماراتی شاہی گھرانے کے رکن شیخ حمدان کو خیرپور، لاڑکانہ، قمبرشہداد کوٹ اور دادو میں شکار کی اجازت دی گئی۔دستاویزات کے مطابق دبئی پولیس کے ہیڈ آف کمانڈ میجرجنرل شیخ احمدکوعمرکوٹ، تھرپارکراور ننگرپارکر میں شکار کی اجازت ملی جبکہ عرب امارات کے شاہی خاندان کے رکن شیخ سلطان بن نہیان کو ضلع میرپورخاص میں شکار کی اجازت دی گئی۔

دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ بحرین کے بادشاہ حماد بن عیسیٰ بن سلمان کو جامشورو میں تھانہ بلے خان، کوٹری اور سجاول میں شکار کی اجازت دی گئی۔دستاویزات کے مطابق بحرین کے شاہی خاندان کے سینیئر رکن شیخ ابراہیم بن حماد عبداللہ کو ضلع سجاول میں شکار کی اجازت دی گئی۔دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ 80 دیگر شاہی خاندان کے ارکان اور عرب شیوخ کو مختلف علاقوں میں شکار کی اجازت دی گئی۔

اپنا تبصرہ لکھیں