دعا کرنیوالے کی غذا اور لباس حلال کمائی سے ہونا ضروری،والدین کی دْعائیں اولاد کے حق میں تیزی کے ساتھ اثر کرتی ہیں:علامہ ڈاکٹر راغب نعیمی

دعا کرنیوالے کی غذا اور لباس حلال کمائی سے ہونا ضروری،والدین کی دْعائیں اولاد کے حق میں تیزی کے ساتھ اثر کرتی ہیں:علامہ ڈاکٹر راغب نعیمی جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ وممبر اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹرمحمدراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ دعا مسلمان کیلئے قرب الٰہی کے وسیلہ کااہم ذریعہ ہے،والدین کی دْعائیں اولاد کے حق میں تیزی کے ساتھ اثر کرتی ہیں ،دعا مظہر عبدیت اور ایک اہم عبادت ،مضطرب قلوب کے لئے سامان سکون، گمراہوں کے لئے وسیلہ ہدایت اور گناہگاروں کے لئے اللہ کی بخشش ومغفرت کی بادِ بہار ہے،ہمیں دْعا میں ہرگز کاہلی وسستی نہیں کرنی چاہئے،دعا کرنے والے کی غذا اور لباس حلال کمائی سے ہوناضروری ہے،والدین کی دْعائیں اولاد کے حق میں تیزی کے ساتھ اثر کرتی ہیں،لہذا ہمیشہ ان کی دْعائیں لیتے رہنا چاہئے اور اْن کی بددعا سے ہمیشہ بچنا چاہئے ، والدین اپنی جان مال اور اولاد کے لئے بددعا نہ کرے، ممکن ہے کہ قبولیت کی ساعت میں یہ بددعا نکلے اور بعد قبولیت پشیمانی اٹھانی پڑے۔

تفصیلات کے مطابق جامعہ نعیمیہ لاہور میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرمحمدراغب حسین نعیمی نے کہاکہ شریعت کی اصطلاح میں اللہ تعالیٰ کے حضور التجا اور درخواست کرنے کو دعا کہتے ہیں، انسان کی فطرت میں ہے کہ وہ مشکلات اور پریشانیوں میں اللہ تعالیٰ کو پکارتا ہے،حضور اکرم ﷺ نے دعا کو عبادت کی روح قرار دیا ہے،دعا عبادت کی روح اور اس کا مغز ہے، دعا آفات سے بھی حفاظت کا ذریعہ ہے ،انسانوں کے اعمال میں دْعا ہی کو اللہ تعالیٰ کی رحمت وعنایت کوکھینچنے کی سب سے زیادہ طاقت ہے۔انہوں نے کہا کہ  دعا غموں اور مصیبتوں کو دور کرنے کا عظیم ترین ذریعہ ووسیلہ ہے، دعا قربت الہٰی کا وہ وسیلہ ہے جس سے بڑھ کر کوئی دوسرا وسیلہ نہیں،دعاخالق ومخلوق کے درمیان کا وہ پل ہے جو خالق سے مخلوق کو سید ھا جوڑ دیتا ہے، دعاعافیت الہٰی کاسبب بھی ہے،نیز اللہ کے نیک بندوں ،اولیاء سے کی دعائیں بھی پراثر ہوتی ہیں خواہ زندہ ہوں یا وصال کرچکے ہوں ،دعا فضائل وبرکات کے حصول کا وہ ذریعہ ہے جو تقدیر بھی بدل ڈالتا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں