خادم حکیم محمد سلیم واصفی کی رہائش گاہ کشمیر روڈ ہرڑ پر منعقدہ محفل میلاد

سیالکوٹ ( ) محسن انسانیت،سرور کائنات،فخر موجودات،سےّد المرسلین،امام الانبیاء جناب رسالت مآب حضرت محمد مصطفےٰ ﷺ کی پر نور ہستی تمام عالم انسانیت کیلئے مینارہ نور کی حیثیت رکھتی ہے۔آپﷺ کی تعلیمات کو فروغ دے کر معاشرہ میں امن وسلامتی کے دیپ رُوشن کئے جاسکتے ہیں۔محبت رسول ﷺ عین ایمان ہے۔آپﷺ کی محبت ہی مومن کا حقیقی سرمایہ اور دونوں جہانوں میں کامیابی کا ذریعہ ہے۔عشق رسول ﷺ کا تقاضا ہے کہ ہم اپنی زندگیاں جناب رسالت مآب ﷺ کی تعلیمات کے مطابق بسر کریں۔ان خیالات کا اظہار سجادہ نشین واصفی آستانہ بڈیانہ پیر محمد ظہورواصف بڈیانوی نے درباری خادم حکیم محمد سلیم واصفی کی رہائش گاہ کشمیر روڈ ہرڑ پر منعقدہ محفل میلاد مصطفیﷺ سے خطاب کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ ذکر خدا وذکر مصطفےٰ ﷺ سے دلوں کو راحت وسکون ملتا ہے،یہ ایسے لازاول ذکر ہیں جن سے دنیا میں بھی عزت ملتی ہے اور آخرت میں بھی کامیابی حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محافل حمد ونعت فروغ عشق رسول ﷺمیں نہایت اہم کردار ادا کررہی ہیں۔ان روحانی محافل سے جہاں ایمان کو تقویت و تازگی ملتی ہے وہاں اخوت و محبت اور بھائی چارے کو فروغ ملتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام کی ترویج واشاعت کیلئے بزرگان دین نے جو خدمات سرانجام دی ہیں وہ ناقابل فراموش ہیں سلطان الشعراء الحاج پیر محمد واصف بڈیانویؒ نے شاعری کے ذریعے فروغ عشق رسولﷺ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے،موجودہ وقت کا تقاضا ہے کہ اولیاء اللہ کی تعلیمات کو عام کیا جائے۔محفل سے خلیفہ محمد منیر واصفی،عدنان واصفی،علی حیدر قادری،محمد یوسف قادری و دیگر نے بھی خطاب و ہدیہ نعت پیش کیا۔
سیالکوٹ ( ) صوبائی صدر پی ایم اے پنجاب ڈاکٹر سید مسعود السید نے ہیلتھ کیئرکمیشن کی درخواست پر اپنی سربراہی میں ایک ایکشن کمیٹی تشکیل دے دی ہے جس میں پورے پنجاب کے ڈاکٹروں کو نمائندگی دی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق کمیٹی میں ڈاکٹر تنویر انور،ڈاکٹر اظہر احمد چوہدری،ڈاکٹر محمد عرفان(فیصل آباد)،ڈاکٹر عبدالستار (فیصل آباد)،ڈاکٹر شاہد قاری (ساہیوال)،ڈاکٹر سرفراز احمد (ساہیوال)،ڈاکٹر مسعود(ملتان)،ڈاکٹر شبیر احمد (چکوال)،ڈاکٹر سعید احمد شیخ (لاہور)،ڈاکٹر میاں طارق (لاہور)،ڈاکٹر سرجن عامر سلیم (قصور)،ڈاکٹر نجیب الرحمن چشتی(مظفرگڑھ)اور ڈاکٹر کامران احمد صوبائی جنرل سیکرٹری پی ایم اے پنجاب شامل ہیں۔صوبائی صدر ڈاکٹر سید مسعود السید نے بتایا ہے کہ کمیٹی نے ہیلتھ کیئر کمیشن کے ساتھ مذاکرات کا آغاز کردیا ہے تاکہ عطائیت کا خاتمہ ہو اور ڈاکٹروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں اس کے علاوہ مریضوں کی شکایات کا اذالہ بھی ہوسکے۔کمیٹی نے اپنے پہلے اجلاس میں مختلف امور کا جائزہ لیا،ہیلتھ کیئر کمیشن کے قائمقام چیف ایگزیکٹوآفیسر ڈاکٹر مشتاق سلہریا اور ان کی ٹیم کے ساتھ مذاکرات کا پہلا دور مکمل ہواجس میں مختلف امور زیربحث آئے جس میں آئندہ چند اجلاسوں میں تمام معاملات طے پاجانے کا عزم کیا گیا۔ڈاکٹرمسعود السید نے تمام ممبران کمیٹی پر زور دیا کہ وہ مریضوں اور ڈاکٹروں کے مسائل کے حل کی خاطر ہر فورم پر اپنی آواز بلند کریں اور کسی بھی بڑی سے بڑی قربانی سے دریغ نہ کریں۔مریضوں کی دیکھ بھال ہم سب کی ذمہ داری ہے جس میں کسی بھی قسم کی کمی کوتاہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جاسکتااس لئے تمام ڈاکٹر حضرات اور سٹاف اس بات کا خاص خیال رکھیں اور مریضوں کے ساتھ خندہ پیشانی سے پیش آئیں آدھا مرض مریض کا ڈاکٹر کے اخلاق سے ٹھیک ہوجاتا ہے جہاں تک ہوسکے مریضوں کو ہر ممکن سہولیات دی جائیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں