جنرل قاسم سلیمانی نے 1989 میں پاکستان میں ایس ایس جی کمانڈو کی ٹریننگ حاصل کی ، سابق وزیر دفاع خواجہ آصف کا تہلکہ خیز انکشاف

جنرل قاسم سلیمانی نے 1989 میں پاکستان میں ایس ایس جی کمانڈو کی ٹریننگ حاصل کی ، سابق وزیر دفاع خواجہ آصف کا تہلکہ خیز انکشاف

گزشتہ حکومت میں وزارت دفاع اور خارجہ جیسے اہم دفاتر چلانے والے خواجہ آصف نے انکشاف کیا ہے کہ امریکی حملے میں مارے جانے والے ایرانی جنرل قاسم سلیمانی نے پاکستان میں ایس ایس جی کمانڈو کی ٹریننگ حاصل کی تھی۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ایران کے ساتھ برصغیر کے اس خطے جو اب پاکستان بن چکا ہے کا تعلق ہزاروں سال پرانا ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ انہوں نے سوشل میڈیا پر پڑھا ہے کہ جنرل قاسم سلیمانی ہمارے ہاں 1989 میں ایس ایس جی کی ٹریننگ لے کر گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا کہ ہمارے تعلقات ایسے تھے کہ ہم اسے یہاں بلا کر ٹریننگ دیتے تھے لیکن اب حالات یہ ہیں کہ ہمارا میڈیا انہیں شہید بھی نہیں کہہ رہا بلکہ ہلاک کا لفظ استعمال کیا جارہا ہے، ہم اپنی خود مختاری بیچ کر کس کو خوش کرر ہے ہیں؟

خیال رہے کہ 3 جنوری کو امریکہ نے بغداد ایئر پورٹ پر ڈرون حملہ کرکے ایران کی پاسداران انقلاب کی ذیلی تنظیم قدس فورس کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل قاسم سلیمانی کو قتل کردیا تھا۔ اس ہائی پروفائل قتل کی واردات کے بعد سے نہ صرف ایران اور امریکہ کے مابین کشیدگی بڑھ گئی ہے بلکہ دنیا پر تیسری عالمی جنگ کا خطرہ بھی منڈلانے لگا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں