تنویر احمد چوھدری اور حافظ محمد مظہر اقبال نعیمی کی فن لینڈ میں ایمنسٹی انٹرنیشنل کے چئرمین سے ملاقات۔

سٹاک ہوم (عارف کسانہ/نمائندہ خصوصی) جموں کشمیر لبریشن فرنٹ یورپ زون کے صدر تنویر احمد چوھدری اور اسسٹنٹ جنرل سیکریٹری جموں کشمیر لبریشن فرنٹ یورپ زون حافظ مظہر اقبال نعیمی نے گذشتہ دنوں ایمنسٹی انٹرنیشنل فن لینڈ کے چئرمین مسٹر جانسن فرانک سے فن لینڈ میں ان کے مرکزی آفس میں ملاقات کی اور جموں کشمیر کی صورتحال اور بالخصوص جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چئرمین محمد یاسین ملک صاحب کی بگڑتی ہوئی صحت کے بارے میں بریفنگ دی۔ جے کے ایل ایف کے راہنماؤں نے انڈیا کے غیر انسانی،غیر جمہوری سلوک اور انڈین کالے قانون، پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت انکی تہاڑ جیل منتقلی اور کشمیری قوم اور ان کی فیملی اور معصوم بیٹی (رضیہ سلطانہ) کی پریشانی سے آگاہ کیا۔ اس ملاقات میں لبریشن فرنٹ کے زونل صدر نور محمد کلوال اور ظہور احمد بٹ اور دیگر کشمیری قائدین کی غیر قانونی گرفتای سے بھی اگاہ کیا اور ان کی رہائی کے لیے درخواست کی کہ وہ انڈیا پر اپنا دباؤ ڈالیں تاکہ بے گناہ پابند سلاسل کشمیری قائدین کو رہاکرئے۔ایمنسٹی انٹرنیشنل سے یہ بھی درخواست کی گئی کہ وہ جموں کشمیر میں بھارت کے بڑھتے ہوئے مظالم خصوصاََ پیلٹ گن کے استعمال کو روکنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ کشمیری وفد نے بتایا کہ بے شمار نوجوان اور معصوم بچے اپنی آنکھوں کی بینائی سے محروم ھو کر زندہ لاشیں بن چکے ہیں اور لاتعداد لوگوں کو گھروں سے اٹھا کر غائب کردیا گیا ہے۔ خواتین کی عصمت دری کرنے کے بعد انھیں موت کے گھاٹ اتار ا جاتا ہے اور بعد میں ان کی لاشیں جنگل سے ملی ہیں۔دونوں کشمیری راہنماؤں نے جموں کشمیر کے موجودہ حالات سے تفصیل سے چیئرمین ایمنسٹی انٹرنیشنل کو اگاہ کیا،جس پر ایمنسٹی انٹرنیشنل فن لینڈ کے چئیرمین جانسن فرانک نے وعدہ کیا کہ وہ اپنا کردار ادا کریں گے اور اس حوالے سے خصوصی طور پربھارت، پاکستان اور سرینگر کشمیر میں موجود تمام افس میں رابطہ کریں گے اور مکمل تفصیلات سے انہیں آگاہ کریں گے۔جموں کشمیر لبریشن فرنٹ یورپ زون کے صدر تنویر احمد چوھدری اور اسسٹنٹ جنرل سیکریٹری جموں کشمیر لبریشن فرنٹ یورپ زون حافظ مظہر اقبال نعیمی نے اس یقین دہانی پر ایمنسٹی انٹرنیشنل فن لینڈ کے چئرمین مسٹر جانسن فرانک کا شکریہ اد ا کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں