“تارکین وطن کو ڈی پورٹ کردیا جائے گا اگر۔ ۔۔ ” سعودی عرب نے غیرملکیوں کو خبردار کردیا

 سعودی عرب کی حکومت نے مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کو خبردار کیا ہے کہ حج کے مقامات پر بغیر اجازت جانے والے تارکین وطن کو ڈی پورٹ کردیا جائے گا۔

عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے محکمہ امن عامہ نے مملکت میں مقیم غیرملکیوں کو بغیر اجازت حج مقامات پر جانے کے سنگین نتائج سے خبردار کردیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق محکمہ امن عامہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جو غیرملکی حج ہدایات کی خلاف ورزی کرے گا اسے کڑی سزا دی جائے گی، حج اجازت نامے کے بغیر منٰی، مزدلفہ، عرفات یا مکہ جانے پر غیر ملکی کارکن کو سعودی عرب سے بے دخل کردیا جائے گا۔اعلامیے کے مطابق ہدایت کی خلاف ورزی کرنے والے شخص کو ڈی پورٹ کرنے کے ساتھ خاص مدت کے لیے بلیک لسٹ بھی کیا جائے گا، جس کے بعد وہ کسی بھی ویزے پر سعودی عرب نہیں آسکے گا‘۔

حج کو محدود کرنے یا مقامات پر غیر متعلقہ افراد کی پابندی کا مقصد بین الاقوامی برادری کو بھی کرونا وائرس کے پھیلاو¿ سے بچانا ہے۔ یاد رہے کہ ہفتے کو بغیراجازت حج مقامات پر جانے والے 16 تارکین پر جرمانے عائد کیے گئے تھے۔

ترجمان امن عامہ کے مطابق تارکین وطن کو پہلے ہی متنبہ کیا جاچکا ہے کہ وہ اجازت نامے کے بغیر حج کے کسی بھی مقام پر نہ جائیں، پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے 16 تارکین پر فی کس دس ہزار ریال جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ حج مقامات پر داخلے کی پابندی کا نفاذ گزشہ ماہ ذوالقعدہ کی 28 تاریخ سے کیا گیا ہے جو 12 ذوالحجہ تک نافذ العمل ہے۔

یاد رہے کہ سعودی عرب نے کرونا کی وبا کے پیش نظر محدود پیمانے پر حج کا اعلان کیا تھا۔ رواں سال صرف دس ہزار افراد کو فریضہ مقدسہ کی ادائیگی کی سعادت حاصل ہوگی۔

عازمین کا انتخاب خودکار طریقے سے کیا گیا، جن میں 30 فیصد مقامی اور 70 فیصد غیر ملکی تارکین ہیں۔ منتخب عازمین کے پہلے گروپ کو ہفتے کے روز مکہ مکرمہ پہنچا دیا گیا ہے۔ جہاں وہ ایامِ حج کے آغاز سے قبل ایک ہوٹل میں علیحدہ علیحدہ کمروں میں مقیم ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں