ا سٹاک ہوم میں یوم پاکستان کی تقریب

سٹاک ہوم (نمائدہ خصوصی عارف کسانہ) یوم پاکستان کے موقع پر سویڈش دارالحکومت سٹاک ہوم میں سفارت خانہ پاکستان میں پرچم کشائی کی ایک پر وقار تقریب منعقد ہوئی۔ سفارت خانہ کے منسٹر جناب نجیب درانی نے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور تقریب کی نظامت کے فرائض سرانجام دیئے۔ سفیر پاکستان جناب طارق ضمیر نے سبز ہلالی پرچم لہرایا اور شرکاء قومی ترانہ کے احترام میں کھڑے رہے۔ یوم پاکستان کی مناسبت سے صدر پاکستان اور وزیر اعظم کے خصوصی پیغامات پیش کیئے گئے۔ ان پیغامات میں اس تاریخی دن کی اہمیت اور اسلامیان ہند کی حصول پاکستان کے لیے جدوجہد کا ذکر کیا گیا۔ اس عزم کا بھی اظہار کیا گیا کہ بانی پاکستانی کے تصورات کے مطابق ایک فلاحی اسلامی مملکت کے قیام کے لیے سفر جاری رکھا جائے گا۔ سفیر پاکستان جناب طارق ضمیر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہ ملک میں امن اور خوشحالی کے لیے حالیہ حکومتی اقدامات کے ثمرات جلد عوام کو مل سکیں گے۔ دہشت گردی کا خاتمہ کیے بغیر ترقی اور خوشحالی ممکن نہیں۔ یوم پاکستان کی اس تقریب میںبرکت حسین، زمان خان، رفیق منہاس، دین چوہدری، اے ایم بھٹی، تیمور خان، عبداللہ خان، عمیر ضیاء بھٹی اور دیگر شریک ہوئے۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء پاکستانی مٹھائیوں اور دیگر لوازمات کا مزہ لیتے ہوئے موجودہ ملکی حالات پر آپس میں گفتگو کرتے رہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں