امریکہ میں مظاہرے، جلاو گھیراو , گرفتاریاں لیکن اب تازہ ترین صورتحال کیا ہے؟

امریکہ میں مظاہرے، جلاو گھیراو , گرفتاریاں لیکن اب تازہ ترین صورتحال کیا ہے؟

امریکی شہر منی اپلس میں ایک سیاہ فام شہری جارج فلوائیڈ کے قتل کے بعد پھوٹںے والے مظاہروں کا سلسلہ امریکا بھر میں جاری ہے۔

جارج کی آخری رسومات  اور ان کی یاد میں ہونے والی تعزیتی تقریب میں شرکت کے لیے پورا شہر امڈ آیا ۔ اس موقع پر مقتول کے اہلخانہ، عزیزوں اور دوستوں نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔واشنگٹن میں بھی جارج فلوئیڈ کی یاد میں تقریب کا انعقاد ہوا۔ ڈیموکریٹ سینیٹرز نے گھٹنے  ٹیک  کر  مقتول  کو  خراج عقیدت پیش کیا۔

امریکی خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق پولیس نے گزشتہ ہفتے سے شروع ہونے والے مظاہروں کے دوران اب تک مختلف شہروں میں 10ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

جارج کے قتل میں ملوث تمام چاروں پولیس اہلکاروں پر قتل کی فرد جرم عائد کردی گئی ہے۔ جارج کو اپنے گھٹنے تلے دبانے والے پولیس آفیسر ڈیرک شاوین پر سے تھرڈ ڈگری مرڈر  کی دفعات ختم کرکے دوسرے درجے کے قتل کی فرد جرم لگادی گئی ہے۔

مذکورہ پولیس افسر سیکنڈ ڈگری ہی کے تحت ایک شخص کو ذبح کرنے کے مقدمے کا بھی سامنا کرے گا۔

امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ملک کے چالیس شہروں میں کرفیو کے باوجود احتجاج، مظاہرے اور پولیس کے ساتھ تصادم کے واقعات پیش آئے ہیں۔

وائٹ ہاوس کی حفاظت پر تعینات فوجی دستے پیچھے ہٹ گئے ہیں اور دار الحکومت واشنگٹن ڈی سی میں کرفیو ختم کردیا گیا ہے۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق نیشنل گارڈز اور پولیس کے دستے بھی پیچھے ہٹ گئے ہیں اور واشنگٹن ڈی سی کی سڑکیں میٹرو پولیٹن پولیس ڈیپارٹمنٹ کے دائرہ اختیار میں ہیں۔

حفاظتی اقدامات کے طور پر وائٹ ہاوس کے باہر رکاوٹیں 10جون تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم  وائٹ ہاوس کمپلیکس کے  اردگرد  تمام  علاقے  بند  رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ہیلی کاپٹرز شہر کی حفاظت کر رہے ہیں۔ اور انہیں ہیلی کاپٹرز کی انتہائی نیچے پرواز کرنے سے کوئی مسئلہ نہیں۔مسئلہ مجرموں، لٹیروں اور انتشارپسندوں کا ہے جو ملک تباہ کرنا چاہتے ہیں۔

امریکی کانگرس کی اسپیکرنینسی پلوسی نے کہا ہے کہ نسلی منافرت کے خاتمے اور پولیس اصلاحات کیلئے پیر کو ایوان میں بل پیش کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں