اسٹاک ہوم کی یونیورسٹی رائل ا نسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کرنے والے محمد افضل فاروقی کو مبارکباد


اسٹاک ہوم ( عارف محمود کسانہ؍ نمائندہ خصوصی)رائل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجیKTH ،سویڈن کی بین الاقوامی شہرت کی حامل انجنئرنگ یونیورسٹی ہے۔ اس یونیورسٹی کے طلبہ نے سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں دنیا بھر میں اپنا نام پیدا ہے جن میں بہت سے پاکستانی طلبہ بھی شامل ہیں۔ انہیں طلبہ میں سے ایک محمد افضل فاروقی بھی ہیں جنہوں نے اس یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی ہے۔انہوں نے توانائی کے شعبہ میں روایتی طور استعمال ہونے والے فیول سیل کی بجائے ایک نئی قسم کے فیول سیل بنانے میں کامیابی حاصل کی ہے جو ماحولیات کے حوالے سے بھی فائدہ مند ہیں۔ ان کی تحقیق کے نتیجہ میں بنائے جانے والے فیول سیل کم درجہ حرارت پر بھی موثر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں اوران سے توانائی کے مسائل اور ماحولیاتی آلودگی کم کرنے میں مدد ملے گی۔ان فیول سیلز سے توانائی کی ترسیل ،استعمال میں باہمی رابطہ اور افادیت میں بہتر ی کا رجحان پایا جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس تحقیق کا استعمال عام استعمال کی گاڑیوں اور دیگر مشینوں میں کیا جاسکے گا اور بہت سے تیکنیکی مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔دنیا کی مختلف جامعات اور تحقیقی اداروں میں ان کے دریافت کردہ طریقہ کو استعمال کیا جارہا ہے اور اس پر مزید کام ہورہا ہے ۔ ڈاکٹر محمد افضل فاروقی مستقبل میں مزید تحقیق کے لئے برطانیہ کی ایک یونیورسٹی سے پوسٹ ڈاکٹریٹ کے لئے رابطہ میں ہیں۔ سویڈن مقیم پاکستانی کمیونیٹی نے افضل فارقی کو ڈاکٹریٹ کی ڈگری لینے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے اس توقع اظہار کیا ہے کہ ان کی تحقیق پاکستا ن کے لئے بھی فائدہ مند ہوگی اور اس سے ملک کے توانائی کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔ افضل فاروقی اپنی تعلیمی و تحقیقی مصروفیات کے ساتھ سویڈن کی پاکستانی کمیونیٹی میں سماجی، دینی اور ثقافتی سرگرمیوں کی وجہ سے بہت مقبول ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں