اسٹاک ہوم میں سانحہء لاہور کے واقعہ پر مذمت

سٹاک ہوم(عارف کسانہ) سویڈن میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں نے سانحہ لاہور کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وزیر داخلہ راناثناء اللہ کو اس کا ذمہ دار قرا دیتے ہوئے ان کے استعفیٰ اور خود کو قانون کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا۔ سیاسی، سماجی اور مذہبی رہنمائوں کا کہنا تھا کہ اگر وزیر اعلٰی اس سانحہ سے لاعلم تھے تو اس کا واضع مطلب ان کی نااہلی ہے اور انہیں کوئی حق نہیں پہنچتاکہ وہ اس منصب پر فائیز رہیں۔ یہی واقع اگر پشاور میں ہوتا تو پھر مسلم لیگ ن کا کیا موقف ہوتا۔ جوڈیشل کمیشن محض وقت کا ضیائع ہے اور آج تک پاکستان میں کسی عدالتی کمیشن سے مجرمین کو سزا نہیں ملی۔ عوامی غیظ و غضب ظالم حکمرانوں کو کیفر کرادر تک پہنچائے گا اور انہیں گلو بٹ جیسے عوامی رد عمل کا سامنا کرنا ہوگا۔ تحریک انصاف سویڈن کے رہنمائوں عبدالرئوف خان اور چوہدری امتیاز نے کہا کہ حکمرانوں نے بارہ افراد کو شہید کرکے اپنے زوال کو دعوت دی ہے۔ اس سارے واقعہ کی ذمہ دار پنجاب حکومت ہے اور اب ظلم کی حکومت قائم نہیں رہ سکے گی۔ ادارہ منہاج القرآن سویڈن اور علامہ احمد رضا نے کہا کہ پرامن اور نہتے شہریوں پر ظلم و تشدد کیا گیا ۔ بزرگوں اور عورتوں کوبھی نہ بخشا گیا۔ انہوں نے کہا ادارہ منہاج القرآن عالمی سطح پر احتجاج کرے گا اور اسی سلسلہ میں دی ہیگ میں پاکستان کے سفیر کے گھر کے سامنے مظاہرہ کیا جائے گا اور یہ سلسلہ دیگر مقامات پر بھی کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں