اسٹاک ہوم میں حسن قرآت کے عظیم الشان پروگرام کا انعقاد

اسٹاک ہوم (نمائندہ خصوصی) سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں قائم مسلم ایسوسی ایشن ناکا نے فسک سیترا کے عوامی ہال میں حسن قرات کا ایک عظیم الشان پروگرام منعقد کیا جس میں خواتین میں شریک تھیں۔ قرآن حکیم کی تلاوت کے حوالے سے اس باربرکت اور روحانی محفل کے خصوصی مہمان مدینہ منورہ سے شیخ محمد سعد نعمانی تھے۔تقریب کی نظامت کے فرائض سعادت صدیقی نے سرانجام دئیے۔ انہوں نے مہمان خصوصی کا تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ جناب شیخ سعد نعمانی دنیا بھر میں واحد ایسے قاری ہیں جو 100 کے قریب دنیا کے مشہور قراء اکرام کے لہجوں میں تلاوت کرتے ہیں ۔بہت سے ممالک میں انہیں حسن قرات کے لئے دعوت دی جاتی ہے اور ان کے قرآن حکیم پڑھنے کے انداز کو بہت پسند کیا جاتا ہے۔ امام کعبہ شیخ عبدالرحمن السدیس کے انداز میں تلاوت کی وجہ سے انہیں شیخ السدیس ثانی بھی کہا جاتا ہے۔ شیخ محمد سعد نعمانی نے اپنی خوبصورت آواز میں کلام الہی کی تلاوت کی جسے حاضرین نے بہت سراہا ۔ شیخ سعد نعمانی نے مسجد حرام اور مسجد نبوی کے آئمہ اکرام کے لہجوں میں تلاوت قرآن حکیم کی اور حاضرین کو یہی محسوس ہورہا تھا کہ کہ وہ حرم کعبہ اور مسجد نبوی میں موجود ہیں۔ دنیا کے کئی مشہور قاریوں کے انداز میں تلاوت کلام مجید سننے کا یہ منفرد تجربہ تھا جسے شرکا ء مدتوں یاد رکھیں گے۔ اس موقع پر فسک سیترا میں زیر تعمیر مسجد کے بارے میں عادل نقوی نے شرکاے کو تفصیلات سے آگاہ کیا جس میں انہیں اسد اللہ کی معاونت بھی حاصل تھی۔ اس موقع پر عارف محمودکسانہ کو دعوت خطاب دی گئی جس میں انہوں نے قرآن حکیم عظمت، حقانیت اور کلام الہی ہونے کی تفصیل بیان کرتے ہوئے اس میں غوروفکر کی ضرورت پر زور دیا۔ فسک سیترا مسجد کی تعمیر کے لیے سعادت صدیقی، عارف کسانہ اور جاوید احمد نے عطیات دینے کی اپیل کی جس پر شرکاء نے دل کھول کر عطیات دئیے۔ ہال میں موجود سب لوگوں نے بڑھ چڑھ کر مسجد کی تعمیر میں اپنا اپنا حصہ ڈالا۔ اہم ترین بات یہ تھی کہ بچوں اور نوجوانوں نے اپنے جیب خرچ میں سے رقم پیش کرنا شروع کی اور مختصر سے وقت میں تقریباََ چھ لاکھ سویڈٖش کرونا رقم اکھٹی ہوئی۔ تقریب کے اختتام میں میاں محمد عاقب نے شیخ سعد نعمانی کو پھول پیش کئے جبکہ عارف کسانہ نے بچوں کے لیے لکھی گئی اسلامی کہانیوں کی کتاب کا عربی ایڈیشن پیش کیا۔ مسلم ایسوسی ایشن ناکا کی جانب سے جاوید احمد، میاں محمد عاقب ، سعادت صدیقی،سجاد احمد، امتیاز بھٹی اور دیگر نے مہمان خصوصی کو یادگاری سند پیش کی۔

اپنا تبصرہ لکھیں