گزشتہ ہفتے برطانیہ سے ایک تصویر انٹرنیٹ پر پوسٹ کی گئی جس میں حیران کن طورپر ایک بحری جہاز بظاہر سطح سمندر سے کئی فٹ اوپر ہوا میں تیر رہا ہوتا ہے۔ اس تصویر نے انٹرنیٹ کی دنیا کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا تاہم اب ماہرین نے اس کی توجیہہ پیش کر دی ہے۔ ڈیلی سٹار کے مطابق یہ تصویر برطانوی شہر فیلمتھ کے ساحل پر کھڑے ڈیوڈ موریس نامی آدمی نے بنائی اور سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تھی، جس کے متعلق بی بی سی کے ماہر موسمیات ڈیوڈ برین کا کہنا ہے کہ یہ ایک بصری دھوکہ ہے، جو ساحل کی فضاءمیں درجہ حرارت کے تغیر سے پیدا ہوتا ہے۔
ڈیوڈ برین نے بتایا کہ اس مظاہر کو ’فاٹا مورگینا فینومینن‘ (Fata Morgana phenomenon)کہا جاتا ہے۔ یہ اس وقت ہوتا ہے جب سمندر سے ساحل کی طرف سرد ہوا کی ایک تہہ آ رہی ہوتی ہے اور اس سرد ہوا کی تہہ کے اوپر گرم ہوا موجود ہوتی ہے۔ چونکہ سرد ہوا کثیف (گھنی)ہوتی ہے لہٰذا اس میں روشنی کا انعکاس مختلف طریقے سے ہوتا ہے۔ ایسی صورت میں جب ’منظر‘ سے روشنی ٹکرا کر سرد ہوا کے تہہ سے منعکس ہو کر دیکھنے والے کی آنکھ تک پہنچتی ہے تو اسے لگتا ہے جیسے وہ منظر اپنی اصل جگہ سے اوپر اٹھا ہوا ہے، حالانکہ حقیقت میں ایسا نہیں ہوتا۔ اس کی ایک مثال یہ ہے کہ پانی میں پڑی ہوئی چیز باہر سے دیکھنے والوں کو اپنی اصل جگہ سے مختلف جگہ پر پڑی نظر آتی ہے۔“