کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کے متعلق کئی طرح کے سوالات لوگوں کے ذہنوں میں ہیں، جن کے جوابات اب ایک معروف سائنسدان کیرل کروسزیلنکی نے دے دیئے ہیں۔ میل آن لائن نے یہ سوالات اور ان کے جوابات اپنی ایک رپورٹ میں شائع کیے ہیں جو درج ذیل ہیں۔
کیا فلو ہونے سے آپ کو کورونا وائرس لاحق ہونے کا خطرہ زیادہ ہوجاتا ہے؟
ایسا بالکل نہیں ہے۔ کسی کو فلو ہونے سے وائرس لاحق ہونے کا خطرہ نہیں بڑھتا۔ وائرس اسی صورت میں آپ میں منتقل ہوتا ہے جب آپ اس کی زد میں آتے ہیں۔
کیا وائرس پٹرول پمپس پر پھیل سکتا ہے؟
کسی کو وائرس لاحق ہوتا ہے تو 5سے 12دن تک اس میں علامات ظاہر نہیں ہوتیں لیکن ایسا شخص اس دوران دوسروں کو متاثر کر سکتا ہے۔ چنانچہ اگر آپ سے پہلے کسی ایسے شخص نے پٹرول بھرا ہے تو آپ کو وائرس منتقل ہونے کا خطرہ ہو سکتا ہے۔ ایسی صورت میں آپ کو پٹرول بھرنے کے بعد سینی ٹائزر استعمال کرنا چاہیے۔
کیا فون سے وائرس لاحق ہو سکتا ہے اور فون کو ڈس انفیکٹ کرنا چاہیے؟
فون سے یقینا وائرس لاحق ہو سکتا ہے۔ درحقیقت ہمیں فون کو اپنا تیسرا ہاتھ سمجھنا چاہیے اور جس طرح وائرس سے بچنے کے لیے ہاتھوں کی صفائی ضروری ہے اسی طرح فون کی صفائی بھی ضروری ہے۔اپنے فون کو الکوحل یا دوسرے کسی وائرس کش محلول سے دن میں کم از کم ایک بار ضرور صاف کریں۔
کیا دکانوں اور دیگر جگہوں سے ملنے والی رسیدوں کے ذریعے کورونا وائرس لاحق ہو سکتا ہے؟
کاغذ کے قریب ترین چیز کارڈ بورڈ ہے اور تحقیق میں ثابت ہو چکا ہے کہ کارڈ بورڈ پر کورونا وائرس 24گھنٹے تک زندہ رہ سکتا ہے۔ چنانچہ ہم کہہ سکتے ہیں کہ رسید کے ذریعے بھی آپ کو وائرس لاحق ہو سکتا ہے۔
مختلف چیزوں پر کورونا وائرس کتنی دیر تک زندہ رہتا ہے؟
تحقیق کے مطابق کورونا وائرس تانبے اور کارڈ بورڈ پر سب سے کم وقت کے لیے زندہ رہتا ہے جو کہ 24گھنٹے ہے۔ سٹین لیس سٹیل اور پلاسٹک وغیرہ پر یہ 72گھنٹے تک زندہ رہ سکتا ہے۔ اسی طرح دیگر چیزوں پر بھی اس کے زندہ رہنے کا دورانیہ مختلف ہے۔