واٹس ایپ کی جانب سے پرائیویسی پالیسی میں تبدیلی کے اعلان کے بعد لوگ اتنے بد دل ہوئے کہ انہوں نے متبادل ڈھونڈنا شروع کردیے جس کا سب سے زیادہ فائدہ میسجنگ ایپلی کیشن ٹیلی گرام کو ہوا ہے جس کے صارفین کی تعداد 500 ملین سے تجاوز کر گئی ہے۔
ٹیلی گرام کی جانب سے اپنے نئے صارفین کے اعداد و شمار جاری کیے گئے ہیں جس کے مطابق گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران (تین دنوں میں) ٹیلی گرام پر 25 ملین (ڈھائی کروڑ) لوگوں نے اکاؤنٹ بنائے جس کے بعد اس کے صارفین کی مجموعی تعداد 500 ملین سے بڑھ گئی ہے۔
ٹیلی گرام کی جانب سے اس اہم کامیابی کے حوالے سے اپنے صارفین کو پیغامات بھیج کر آگاہ بھی کیا گیا ہے اور ان کا شکریہ ادا کیا گیا ہے کہ ان کی بدولت کمپنی نے اہم سنگ میل عبور کیا۔