بالی ووڈ کی معروف اداکارہ سونم کپور کا کہنا ہے کہ اِس بار انہوں نے تیسری مرتبہ برطانوی ایئر لائن میں سفر کیا جس میں دوسری بار ان کا بیگ کھویا ہے۔گزشتہ روز بھارتی اداکارہ سونم کپور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر برطانوی ایئر لائن کی غفلت پر ان کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’اِس بار میں نے تیسری مرتبہ برطانوی ائیر لائن میں سفر کیا ہے اور یہ ایئر لائن دوسری بار میرا بیگ کھو چکی ہے۔‘سونم کپور نے لکھا کہ ’ایک ہی غلطی دو بار ہونے کے بعد میں نےسبق حاصل کرلیا ہے کہ میں اب کبھی برطانوی ایئر لائن میں سفر نہیں کروں گی۔‘
سونم کپور کے اِس ٹوئٹ پر برطانوی ایئر لائن نے جوابی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’سونم، آپ کے سامان میں تاخیر کے حوالے سے ہم آپ سے معذرت خواہ ہیں، کیا آپ کو ہوائی اڈےکی جانب سے ٹریکنگ کوڈ فراہم کیا گیا ہے؟‘
برطانوی ائیر لائن کے اِس سوالیہ ٹوئٹ پر سونم کپور نے جواب دیتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ ’جی ہاں یہ سب کچھ ہوچکا ہے لیکن یہ ایک بہت بڑی تکلیف ہے جو میں نے دوسری مرتبہ اٹھائی ہے۔‘
اداکارہ نے لکھا کہ ’آپ لوگوں کو اِس مسئلے کوختم کرنے لیے قدم بڑھانے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ سب آپ کی ائیر لائن انتظامیہ کی غفلت کا نتیجہ ہے۔‘سونم کپور کے اِس ٹوئٹ پر برطانوی ایئر لائن نے جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’ہم صرف آپ سے مخلصانہ طور پر معافی مانگ سکتے ہیں، سونم ہم آپ کو یقین دِلارہے ہیں کہ ہم سے جتنا جلدی ممکن ہوسکے گا ہم آپ کو آپ کا سامان دِلوا دیں گے۔‘