برطانیہ میں ایک بے گھر اور بے روزگار نوجوان شراب کی لت میں مبتلا تھا۔ پھر ایک روز وہ اپنی اس بے کاری کی زندگی سے تنگ آ گیا اور شراب سے تائب ہو کر ایسا کام شروع کر دیا کہ آج وہ کروڑوں کا مالک ہے۔ دی مرر کی رپورٹ کے مطابق روب پارٹریج نامی اس نوجوان نے اپنی کہانی سناتے ہوئے بتایا ہے کہ ’’میری بری عادتوں کی وجہ سے میرے باپ نے مجھے گھر سے نکال دیا تھا، جس کی وجہ سے میں ایک ہاسٹل میں سزا یافتہ مجرموں اور نشے کے عادی افراد کے ساتھ رہنے پر مجبو رہو گیا۔ اس سے میری زندگی مزید برائی کی دلدل میں دھنس گئی تاہم کچھ عرصے بعد میں نے زندگی کو بدلنے کا تہیہ کیا، نشے سے تائب ہوا اورسیلز کی نوکری کرنے لگا۔ چند ماہ بعد ہی میں نے اپنی کمپنی ’’کنگسٹن کیپیٹل فنانس‘‘ کی بنیاد رکھی جس کے اثاثے آج 50لاکھ پاؤنڈ (تقریباً 77کروڑ 12لاکھ روپے) تک پہنچ چکے ہیں۔‘‘
39سالہ روب نے بتایا کہ ’’میں نے یہ کاروبار اپنے کمرے سے شروع کیا، میں انٹرپرائز بنانے کے لیے روزانہ 100لوگوں کو کالز کرتا تھا۔ چند ہفتے تک مجھے جدوجہد کرنی پڑی، پھر لوگوں نے میری بات سننی شروع کر دی اور مجھے موقع دینے لگے۔ یوں میرا کاروبار پھیلتا چلا گیا، جس کے بعد میں نے اپنی کمپنی میں ورکر بھرتی کرنے شروع کر دیئے۔ آج ساؤتھ کیو میں میری کمپنی کا شاندار دفتر ہے اور درجنوں لوگ اس میں کام کرتے ہیں۔میرے کاروبار کی کامیابی کا راز اپنے گاہکوں اور لوگوں سے خود رابطہ کرنا ہے۔ آج میں اپنے ماضی پر نظر دوڑاتا ہوں تو حیرت زدہ رہ جاتا ہوں کہ میں کس طرح نشے میں اپنی زندگی برباد کر رہا تھا۔‘‘