مس ساؤتھ انڈیا 2021 آنسی کبیر جو 2019 میں مس کیرالہ بھی رہ چکی ہیں ایک خوفناک کار حادثے میں دوست سمیت ہلاک ہوگئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب آنسی کبیر اپنی ساتھی انجنا شاجن کے ساتھ ریاست کیرالہ کے شہر کوچی میں ایک فیشن شو میں شرکت کے لیے جا رہی تھی۔
آنسی کبیر کے ساتھ اس حادثے میں جان کی بازی ہارنے والی انجنا شاجن 2019 کے مس کیرالہ مقابلے میں آنسی کبیر کے ساتھ شرکت کرچکی تھیں اور مقابلے میں رنر اپ رہی تھیں۔ اور اسی مقابلے میں ان کی دوستی کا آغاز ہوا تھا۔
رپورٹس کے مطابق دوران سفر موٹر سائیکل سوار کو بچاتے ہوئے ان کی گاڑی بے قابو ہوکر ایک درخت سے جاٹکرائی، جس کے نتیجے میں دونوں موقع پر ہی ہلاک ہوگئیں۔
حادثہ پیر کی صبح پیش آیا جب کہ ان کی کار مرمت کے قابل نہیں رہی۔ پولیس کے مطابق کار میں موجود دیگر دو افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے تاہم ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔