مسلمانوں کے گھروں پر بلڈوزر چلا کر بی جے پی کی ریاستی حکومتوں میں قانون شکنی کا مقابلہ جاری ہے
: فیڈریشن آف مہاراشٹرمسلمس
ممبئی : ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جہاں ملک میں بی جے پی حکومت والی ریاستوں میں منافرت کو بڑھاوا دینے کا رجحان پختہ ہوگیا ہے وہیں ان ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے درمیان قانون شکنی کا مقابلہ جاری ہے ۔ یہ باتیں فیڈریشن آف مہاراشٹر مسلمس کے ذمہ داروں نے مدھیہ پردیش پولس کے ذریعہ مسلم نوجوانوں کو رسی سے باندھکر پریڈ کرانے اور ایک مسلمان کا مکان گرائے جانے کے سلسلے میں کہیں ۔ فیڈریشن کے ذمہ داروں نے کہا کہ ملک میں ایک نیا کلچر ترقی پارہا ہے جس کے تحت مورائے عدالت ملزم(مسلمان)کا گھر بغیر کسی تفتیش اور عدالتی حکم کے بلڈوزر سے زمین بوس کردیا جاتا ہے ۔ گویا ان حکومتوں نے مسلمانوں کو سبق سکھانے کا تحیہ کررکھا ہے ۔ تاکہ وہ اپنے احساسات کے اظہار کیلئے کوئی جلسہ جلوس اور احتجاج نہ کرسکیں ۔ فیڈریشن نے کہا کہ ایک طرف بی جے پی کی ریاستی حکومت کی جانب سے یہ تانڈو جاری ہے تو دوسری جانب اپوزیشن کی کہیں کوئی آواز سنائی نہیں دے رہی ہے کہ وہ جائے وقوع پر جاکر ایسی غیر قانونی کارروائیوں کو روکیں۔ کانگریس خصوصا راہل کی محبت کی دکان سے مسلمانوں کو کچھ نہیں مل رہا ہے ۔ آخر کب تک اپوزیشن خصوصی طور سے کانگریس اس طرح کی ظالمانہ کارروائی کیخلاف بیان اور انٹر ویو کے علاوہ سڑکوں پر آکر بھی کچھ اپنی موجودگی کا احساس کرائیں گی۔ ہونا تو یہی چاہئے کہ فاشسٹ حکومت کی جانب سے مسلمانوں کیخلاف منتقمانہ کارروائیوں کیخلاف وہ سڑکوں پر آتے اور حکومت کو مجبور کرتے کہ وہ کوئی غیر قانونی کارروائی نہ کرے اور عوام میں یہ احساس پختہ کراتے کہ اس ملک میں قانون اور عدلیہ نام کی بھی کوئی چیز ہے جس کا کام کمزوروں اور مظلوں کو انصاف فراہم کرنا ہے ۔ ایف ایم ایم نے آپنے بیان میں عدلیہ سے بھی اپیل کی کہ وہ ایک ڈاکٹر کے سلسلہ میں خود سے کارروائی کیلئے آگے آسکتی ہے تو اسےمظلوموں کی دارسی کیلئے بھی آگے آکر خود سے کارروائی کرنی چاہئے ۔
فیڈریشن آف مہاراشٹرمسلمس کے جوائنٹ پریس ریلیز کے ذریعہ یہ بیان دیا گیا ہے ۔پریس ریلیز دینے والوں میں مولانا عمرین محفوظ رحمانی ، سیکریٹری مسلم پرسنل لا بورڈ،مولانا حافظ الیاس خان فلاحی امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند،مولانا محمود احمد دریا آبادی جنرل سکریٹری علماء کونسل، ابو عاصم اعظمی ایم ایل اے و صدر سماج وادی پارٹی مہاراشٹر ، مولانا حافظ سید اطہر،عالم دین اہل سنت والجماعت صدر علماء ایسوسی ایشن ممبئی ، مہاراشٹر ، مولانا حلیم اللہ قاسمی، جنرل سکریٹری جمعیتہ علمائے ہند مہاراشٹر فرید شیخ صدر امن کمیٹی ممبئی ، عبدالحفیظ پترکار جالنہ، مولانا ظہیر عباس رضوی نائب صدر شیعہ پرسنل لاء بورڈ ، ڈاکٹر سعید احمد فیضی، ناظم عمومی جمعیت اہل حدیث مہاراشٹر،مولانا مفتی حذیفہ قاسمی ناظم تنظیم جمعیت علمائے ہند مہاراشٹر ، مولانا آغا روح ظفر ،امام خوجہ جماعت ممبئی ، مولانا انیس اشرفی رضا فاؤنڈیشن ممبئی، مولانا نظام الدین فخر الدین ، ممبر مسلم پرسنل لا بورڈ پونہ،ہمایوں شیخ ناظم ممبئی جماعت اسلامی ہند ، شیخ عبدالمجیب کوآرڈینیٹر فیڈریشن آف مہاراشٹرمسلمس،شاکر شیخ ، کو کوآرڈینیٹر فیڈریشن آف مہاراشٹرمسلمس
جاری کردہ
شاکر شیخ
میڈیا سیکریٹری