متحدہ عرب امارات میں ایک بھارتی شہری نے چوری کی کوشش ناکام بنا دی۔ خلیج ٹائمز کے مطابق اس 40سالہ جعفر پیراپوریتھ نامی شخص کا تعلق بھارتی ریاست کیرالہ سے ہے۔وہ بنی یاس کے علاقے میں واقع اپنے انکل کے کیفے ٹیریا میں موجود تھا جب اس نے ’چور چور‘ کا شور سنا۔ وہ شور سن کر کیفے ٹیریا سے باہر نکلا اور شور کی سمت دیکھا تو ایک شخص ایک تھیلا لے کر بھاگ رہا تھا اور اس کے پیچھے چند لوگ تھے جو چور چور چلا رہے تھے۔
جعفر نے جب دیکھا کہ چور اسی کی طرف آ رہا تھاتو وہ اسے پکڑنے میں لوگوں کی مدد کرنے کے لیے ذہنی طور پر تیار ہو گیا اور جب چور اس کے پاس سے گزرنے لگا تو اس نے اپنی ٹانگ اس کے آگے کر دی جس سے چور منہ کے بل گر گیا۔ اس سے پہلے کہ چور کے اوسان بحال ہوتے اور وہ اٹھ کر دوبارہ بھاگتا، اس کے پیچھے آتے لوگ پہنچ آئے اور اسے دبوچ لیا۔ جعفر نے خلیج ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ چور نوٹوں سے بھرا ہوا تھیلا چوری کرکے بھاگ رہا تھا۔ اسے پکڑنے کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی اور چور کو گرفتار کروا دیا گیا۔