ناروے سے ڈاکٹر سیّد ندیم حسین کی
اردو فلک کے قارئین کے لیے خاص تحریر
اکیس فروری کی تاریخ قریب ہے ۔ اس دن کو مادری زبان کے عالمی دن کےطور پہ منایا جاتا ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان میں بھی تقریبات ہوتی ہیں۔ لیکن اس دن کی تاریخ بہت کم لوگوں کو معلوم ہے۔ خصوصا» پاکستان کے لوگوں کے لیے یہ جاننا بہت ضروری ہے۔ اور ہوسکتا ہے کہ یہ جاننے کے بعد ان کے لیئے اس دن میں کوئی قابل فخر بات نہ رہے۔
یونیسکو کے بقول یہ دن منانے کا مقصد زبان و ثقافت کے تنوع کو اُجاگر کرنااور کثیرالسانیت کو فروغ دینا ہے ۔ یونیسکو نے 17 نومبر 1999ء کو یہ دن منانے کی تجویزپیش کی ۔ جسے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 2002ء میں قراداد نمبر56/262 کے ذریعے منظور کر لیا۔ مادری زبان کا عالمی دن اقوام متحدہ کے اس وسیع پروگرام کا حصہ ہے جسے اسمبلی نے 16 مئی 2007ء کو قراداد نمبر 61/266 کے ذریعے منظور کیا۔ اس پروگرام کا مقصد تمام دُنیا کی زبانوں کو تحفظ ہے۔21 فروری کو مادری زبان کا عالمی دن منانے کی تجویز سب سے پہلے بنیادی طور پہ بنگلہ دیش کی طرف سے آئی جہاں یہ دن ایک قومی دن کی طور پہ منایا جاتا ہے۔
بنگلہ دیش میں یہ دن ان شہداء کی یاد میں منایاجاتا ہے۔ جنھیں پاکستانی پولیس نے 1952ء میں فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔ واقعہ کچھ یوں ہے ۔ کہ برصغیر کی تقسیم کے فورا» بعد 1948ء میں بابائے قوم قائداعظم نے ڈھاکہ کے ریس کورس گراونڈ میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی قومی زبان اردو ہو گی۔ حالانکہ اس وقت بنگالی اکثریت میں تھے۔ اور توقع کر رہے تھے۔ کہ سرکاری زبانوں میں سے ایک بنگالی بھی ہو گی۔ لیکن ایسا نہ ہو سکا۔ جس پہ بنگالیوں نے احتجاج کیا لیکن ان کی نہ سُنی گئی۔ اس ایک فیصلے نے ملک کے دونوں بازوؐں میں نفرت اور عدم تحفظ کے جو بیج بوئے۔ وہ بڑھتے بڑھتے 1971ء تک تناور درخت بن گئے۔ مجیب الرحمان نے اس ایشو کو خوب استعمال کیا۔ 1948ء میں بنگالیوں کا یہ مطالبہ پاکستان کی مجلس قانون ساز میں مشرقی پاکستان کے رہنما دھریندرا ناتھ دتا نے پیش کیا ۔ لیکن اسے مسترد کر دیاگیا۔ لیکن بنگالیوں نے زبان کے لیئے جدو جہد جاری رکھی۔ حکومت پاکستان نے مظاہروں پہ پابندی لگا دی۔ جب جنوری 1952ء میں اردو کو باقائدہ سرکاری زبان قرار دے دیاگیا تو بنگالیوں کے احتجاج میں شدت آ گئی۔ ڈھاکہ میں دفعی 144 نافذ کردی گئی۔ لیکن اس کے باوجود 21 فروری 1952ء کے دن ڈھاکہ یونیورسٹی کے طلبہ نے عوام کے ساتھ مل کے ایک بہت بڑا جلوس نکالا۔ پولیس نے اس جلوس پہ فائر کھول دیا۔ جس سے پانچ طلبہ موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ جن کے نام سلام، برکت، رفیق، جبار اور شفیع الرحمان تھے۔ کچھ لوگ کہتے ہیں، پولیس کی فائرنگ سے چالیس افراد جاں بحق ہوئے۔ سینکڑوں زخمی ہوئے۔ بنگالی اس دن کو اپنی آزادی کے لیئے سنگ میل سمجھتے ہیں۔ وہ اس بات پہ فخر کرتے ہیں۔ کہ انھوں نے مادری زبان کے تحفظ کے لیئے جانیں قربان کیں۔ ایسا تاریخ میں شاید ہی ہوا ہو۔ کہ کسی قوم نے اپنی مادری زبان کے لیئے جانیں دی ہوں۔ وہ چاھتے تھے۔ کہ دُنیا کو اپنی اپنی مادری زبان کی اہمیت سے روشناس کرایا جائے۔ اور ان زبانوں کو معدوم ہونے سے بچایا جائے۔ اس لیئے کینیڈا کے شہر وینکوور کے رہائشی دو بنگالیوں رفیق الاسلام اور عبدالسلام نے 1998ء میں اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری کوفی عنان کو خط لکھ کر تجویز دی کہ اس دن کو عالمی دن کے طور پہ منایا جائے۔
اقوام متحدہ کی ویب سائٹ پہ اس سلسلے میں تحریر ہے کہ «زبان کسی بھی ٹھوس اورمضبوط ورثے کے تحفظ اور ترقی کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔ مادری زبان کو فروغ دینے اور پھیلانے کے لیئے تمام اقدامات نہ صرف لسانی تنوع اور کثیرالسانی تعلیم کا باعث بنتے ہیں بلکہ ساری دُنیا میں لسانی اور ثقافتی روایات سے آگاہی بھی فراہم کرتے ہیں۔ اور افہام و تفہیم ، رواداری اور مکالمے کی بنیاد پہ یکجہتی کا موجب بنتے ہیں۔»
رفیق الاسلام نے بنگلہ دیش کی اس وقت کی وزیراعظم شیخ حسینہ کو اس سلسلے میں ٹجویز بھیجی جو بنگلہ دیش کی پارلیمنٹ میں پیش کی گئی۔ پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد اسے باقائدہ ایک قراداد کی شکل میں یونسکو میں بھجوایا گیا۔ جہاں بنگلہ دیش کے مستقل نمائندے سید معظم علی اور پھر توزمل حق نے یونیسکو میں اس کی منظوری کے لیئے لابنگ کی۔ بالآخر 17 نومبر 1999ء کے دن یونیسکو نے ڈھاکہ کے شہداء کی یاد میں 21 فروری کو مادری زبان کا عالمی دن قرار دے دیا۔ اب یہ دن ہر سال پوری دُنیا میں منایا جاتا ہے۔ جس معاملے کو ہماری اس وقت کی حکومت نے طاقت سے دبانے کی کوشش کی ۔ اُس میں آج ساری دُنیا بنگالیوں کے ساتھ ہے۔’
دلچسپ بات یہ کہ حکومت پاکستان نے 1954ء میں بنگالی عوام کے اس مطالبے کو تسلیم کر لیا اور بنگالی پاکستان کی دوسری قومی زبان قرار پائی۔ لیکن اس وقت نفرتوں کے بیج بوئے جا چکے تھے۔ جو خلیج پیداہو چُکی تھی۔ وہ کبھی نہ پاٹی جا سکی۔ بلکہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ وہ وسیع سے وسیع تر ہوتی گئی۔ کیونکہ پاکستان کے ارباب اختیار کی ذھنیت اور رویہ تبدیل نہ ہوا۔ اور اس تحریک کے مضمرات پہ کبھی غور نہ کیا گیا۔ اس سے پیدا ہونے والی نفرتوں کو کم کرنے کی کبھی کوئی کوشش نہ کی گئی۔ اوراس روش کا جو نتیجہ نکلا اُس کی پہلی قسط 7 دسمبر1970ء کے الیکشن والے دن آئی اور دوسری 16 دسمبر 1971ء کو جب ہماری افواج نے اسی شہر ڈھاکہ میں بھارتی افواج کے سامنے ہتھیار ڈالے۔ اگر 1948 میں مجلس قانون ساز میں ہتھیار ڈال دیئے جاتے تو شاید ڈھاکہ کے پلٹن میدان میں تقریب کبھی منعقد نہ ہوتی۔