وزیر اعظم عمران خان نے غربت کا مکمل خاتمہ کرنے پر چین کے صدر شی جن پنگ کو مبارکباد پیش کی ہے۔
ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم کا کہناتھا کہ وہ چینی صدر شی جن پنگ اور چینی حکومت کو ملک سے انتہائی غربت کا خاتمہ کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ ’ تاریخ میں ایسا کبھی نہیں ہوا کہ 35 سال کے عرصے میں 75 کروڑ لوگوں کو انتہائی غربت سے نکالا گیا ہو۔‘
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ چین کے اپنے ملک سے غربت کے خاتمے میں پاکستان جیسے ترقی پذیر ملکوں کیلئے سیکھنے کو بہت کچھ ہے۔ مضبوط عزم اور ارادے کے ساتھ ہم بھی اپنے لوگوں کیلئے یہ سب کرسکتے ہیں۔
خیال رہے کہ تین روز قبل چین کے صدر شی جن پنگ نے ایک تقریب سے خطاب کے دوران ملک بھر سے دیہی غربت کے خاتمے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اب شہروں اور دیہی علاقوں کے درمیان ترقیاتی خلیج کو کم کیا جائے گا تاکہ کم آمدنی والی آبادی اور پسماندہ علاقوں کے لوگ بھی ترقی کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔