پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے کمی ہوتی جارہی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یعنی عید کے پہلے روز ملک بھر میں کورونا کے صرف 553 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 2 لاکھ 79 ہزار 699 ہوگئی۔ ایک دن میں کورونا کی وجہ سے 6 افراد نے جان کی بازی ہاری ، اس وبا کی وجہ سے اب تک جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہزار 976 ہوگئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 553 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 550 مریض کورونا سے صحتیاب ہوئے، یعنی جتنے نئے مریض آئے اتنے ہی ریکور ہوگئے۔ اب تک مجموعی طور پر 2 لاکھ 48 ہزار 577 افراد کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہیں جس کی وجہ سے ایکٹو کیسز کی تعداد 25 ہزار 146 رہ گئی ہے۔
صوبائی صورتحال
کورونا کے کیسز کے حوالے سے سندھ پہلے نمبر پر ہے جہاں ایک لاکھ 21 ہزار 309 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے تاہم ایکٹو کیسز کے معاملے میں پنجاب پہلے نمبر پر ہے جہاں 8 ہزار 477 مریض اب بھی کورونا میں مبتلا ہیں جبکہ سندھ میں یہی تعداد 8 ہزار 164 ہے۔ پنجاب میں مجموعی طور پر اب تک 93 ہزار 173 ، خیبر پختونخوا میں 34 ہزار 160 ، اسلام آباد میں 15 ہزار 52 ، بلوچستان میں 11 ہزار 762 ، گلگت بلتستان میں 2 ہزار 157 اور آزاد جموں و کشمیر میں 2 ہزار 86 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
عالمی صورتحال
دنیا بھر میں اب تک کورونا کے مجموعی طور پر ایک کروڑ 81 لاکھ 14 ہزار 708 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 6 لاکھ 90 ہزار 428 ہوچکی ہے۔ عالمی سطح پر کورونا کے ایک کروڑ 13 لاکھ 91 ہزار 940 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔
سب سے زیادہ متاثرہ ممالک
کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں امریکہ سب سے اوپر ہے جہاں اب تک 47 لاکھ 79 ہزار 855 لوگوں میں کورونا کی تصدیق ہوئی ۔ ہلاکتوں میں بھی امریکہ پہلے نمبر پر ہے جہاں اب تک 1 لاکھ 58 ہزار 51 افراد اس وبا کا لقمہ بنے ہیں۔27 لاکھ 8 ہزار 876 کیسز کے ساتھ برازیل دوسرے، 17 لاکھ 96 ہزار 486 کیسز کے ساتھ انڈٰیا تیسرے ، ساڑھے 8 لاکھ سے زائد کیسز کے ساتھ روس چوتھے اور 5 لاکھ 3 ہزار 290 کیسز کے ساتھ جنوبی افریقہ پانچویں نمبر پر ہے۔