فریضہ¿ حج کی ادائیگی کے لیے لاکھوں مسلمان سعودی عرب پہنچ چکے ہیں اور مزید پہنچ رہے ہیں۔ ایسے میں وہاں سے ایک تشویشناک خبر آ گئی ہے۔ گلف نیوز کے مطابق سعودی عرب کے وسطی شہر البکیریہ میں ایک شخص خودکش جیکٹ پہن کر سڑک پر آ گیا، جسے سعودی فورسز نے مقابلے کے بعد گرفتار کر لیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ اس شخص کے پاس ایک مشین گن اور پستول بھی تھا جس سے اس نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی۔ تاہم جوابی فائرنگ میں زخمی ہو کر گرفتار ہو گیا۔
سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس شخص نے شدت پسند تنظیم داعش کے نظریات سے مغلوب ہو کر یہ خوفناک کام ایسے وقت میں کیا جب 3دن بعد حج شروع ہونے والی ہے اور سعودی ریاست اس کی تیاریوں میں لگی ہوئی ہے۔ تاحال یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ یہ شخص کس جگہ کو نشانہ بنانا چاہتا تھا۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب میں اس سے قبل بھی سکیورٹی فورسز پر القاعدہ اور داعش سمیت مختلف شدت پسند تنظیموں کے دہشت گرد حملے کر چکے ہیں اور ممکنہ طور پر اس کا نشانہ بھی سکیورٹی فورسز ہی تھیں۔