جاپان کی مشہور کمپنی ہونڈا نے صارفین کیلئے اپنی نئی گاڑی متعارف کرا دی ہے جو آٹومیٹک طریقے سے خود ڈرائیو کر سکتی ہے۔اس گاڑی کو لیجنڈ کا نام دیا گیا ہے جسے جلد ہی فروخت کیلئے پیش کر دیا جائے گا۔ہونڈا کی اس گاڑی کے لمیٹڈ ایڈیشن ماڈل کو خریدنے کے لیے ایک کروڑ 10 لاکھ جاپانی ین (ایک کروڑ 60 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) خرچ کرنا ہوں گے۔
ڈان نیوز کے مطابق اس سیڈان گاڑی کے 100 یونٹ جاپان میں 5 مارچ سے فروخت کے لیے پیش کیے جارہے ہیں۔گاڑی کی خاص بات یہ ہے کہ پرہجوم ہائی ویز میں یہ گاڑی وہیل کا انتظام خود سنبھالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔کمپنی نے بتایا کہ ہیوی ٹریفک میں یہ گاڑی خود ڈرائیونگ کی صلاحیت رکھتی ہے اور ڈرائیور کو نیوی گیشن اسکرین پر ٹی وی یا ڈی وی ڈی دیکھنے کا موقع مل سکے گا، جس سے تناو یا تھکاوٹ کم ہوسکے گی۔لیول 3 ٹریفک جام پائلٹ آپشن مخصوص حالات میں ایکسیلریشن، بریکنگ اور اسٹیئرنگ کنٹرول کی صلاحیت رکھتا ہے۔تاہم جب گاڑی کو محسوس ہوگا کہ اب ڈرائیور کو کنٹرول سنبھال لینا چاہیے تو وہ سیٹ بیلٹ پر وائبریشن کے ذریعے الرٹ بھیجے گی۔اگر اس الرٹ پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا گیا تو سسٹم دیگر وارننگز بشمول الارم ساونڈز، روشنیاں اور ہارن کے ذریعے ڈرائیو کو کنٹرول سنبھالنے پر مجبور کرے گا، جبکہ اس دوران گاڑی کی رفتار ہلکی کرنے کے ساتھ اسے روکا بھی جاسکتا ہے۔