برطانوی شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ شاہی درجہ چھوڑنے کے بعد کینیڈا منتقل ہوئے اور اب وہاں سے امریکی ریاست کیلیفورنیا جا بسے ہیں جہاں اس شاہی جوڑے کی سکیورٹی پر کروڑوں روپے خرچ ہو رہے ہیں۔ اب اس حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے اس شاہی جوڑے کو زوردار جھٹکا دے دیا ہے۔ ڈیلی سٹار کے مطابق شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کی سکیورٹی پر اب تک 80لاکھ پاﺅنڈ کی رقم خرچ ہو چکی ہے اور صدر ٹرمپ نے گزشتہ روز اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ کے ذریعے واضح کر دیا ہے کہ سکیورٹی پر خرچ ہونے والی یہ رقم خود شاہی جوڑا ادا کرے گا، امریکی حکومت ان کا خرچ نہیں اٹھائے گی۔
صدر ٹرمپ نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ”میں ملکہ الزبتھ اور برطانیہ کا بہت اچھا دوست اور مداح ہوں۔ بتایا گیا تھا کہ ہیری اور میگھن برطانیہ چھوڑ کر کینیڈا چلے گئے ہیں اور مستقل وہیں رہیں گے لیکن اب وہ کینیڈا سے امریکہ آ گئے ہیں۔ امریکہ ان کی سکیورٹی کا خرچ نہیں اٹھائے گا۔یہ خود انہیں ہی ادا کرنا ہو گا۔“صدر ٹرمپ کی اس ٹویٹ کے جواب میں شاہی جوڑے کے ایک ترجمان نے آئی ٹی وی کو بتایا کہ ”شاہی جوڑے کا کوئی ارادہ نہیں ہے کہ وہ امریکہ حکومت کو سکیورٹی دینے کو کہے۔ ان کے لیے نجی طور پر سکیورٹی کا انتظام کر لیا گیا ہے۔“