ایران کی ’زومبی انجلینا جولی‘ کو معاشرے میں بگاڑ پیدا کرنے کے جرم میں 10سال قید کی سزا سنا کر جیل بھجوا دیا گیا۔ میل آن لائن کے مطابق اس 19سالہ لڑکی کا نام سحر تابر ہے جس کے سر پر پلاسٹک سرجری کے ذریعے اپنی شکل ہالی ووڈ اداکارہ انجلینا جولی جیسی بنوانے کا بھوت سوار تھا مگر اسی کوشش میں اس کی شکل مسخ ہو کر رہ گئی۔
رپورٹ کے مطابق جب 50سے زائد بار پلاسٹک سرجری کروانے کے بعد سحر نے اپنی تصاویر انٹرنیٹ پر پوسٹ کیں تو وہ بہت وائرل ہوئیں۔ اس پر ایرانی قانون حرکت میں آ گیا اور اس کے خلاف اپنا چہرہ بگاڑنے، لوگوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے، لوگوں کو تشدد پر اکسانے، نامناسب طریقوں سے رقم کمانے اور نوجوانوں کو کرپشن کی طرف راغب کرنے اور پبلک رائٹس کی خلاف ورزی کرنے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔ سحر تابر کے خلاف اس مقدمے کی کارروائی 3سال تک جاری رہی اور اب بالآخر اسے مجرم قرار دیتے ہوئے 10سال قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔