ڈنمارک میں آبی نیولوں میں کورونا وائرس کی ایک نئی اور خطرناک قسم کا انکشاف ہونے پر لاکھوں آبی نیولے تلف کر دیئے گئے تھے۔ یہ آبی نیولے پالتو تھے جو ملک کے سینکڑوں فارمز میں پشم حاصل کرنے کی غرض سے پالے جا رہے تھے تاہم اب امریکہ میں پہلی بار کسی جنگلی جانور میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے اور یہ جنگلی جانور آبی نیولا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس سے قبل کورونا وائرس امریکہ میں فارمز میں پالے جانے والے آبی نیولوں میں پایا جا رہا تھا اور اس کی وجہ سے اب تک 1500سے زائد پالتو آبی نیولے موت کے گھاٹ بھی اتر چکے تھے تاہم اب پہلی بار یہ جنگلی آبی نیولے میں بھی پایا گیا ہے جس پر اس موذی وباءکے پھیلاﺅ کے متعلق سنگین تحفظات پیدا ہو گئے ہیں۔ امریکہ محکمہ صحت کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ جنگلی آبی نیولے میں کورونا وائرس کی موجودگی کا کیس امریکی ریاست اوٹاہ میں سامنے آیا ہے۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کو اس کیس کے متعلق آگاہ کر دیا گیا ہے۔