وائٹ ہاؤس کو جانے والی واشنگٹن ڈی سی کی ایک سڑک کا نام تبدیل کرکے ”بلیک لائیوز میٹر پلازہ رکھ دیا گیا ہے۔
روزنامہ پاکستان کے مطابق دارالحکومت کی سیاہ فام میئر مورئیل باؤسر نے اس فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سیاہ فام جارج فلائیڈ کی ہلاکت سے نسلی منافرت کے خلاف شروع ہونے والی تحریک میں یہ نعرہ لگا کہ ”سیاہ فاموں کی زندگیاں اہم ہیں“ اس نعرے کے احترام میں سڑک کا نام تبدیل کیا گیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے سامنے واقع اس سڑک کا پہلا نام ”سولھویں سٹریٹ“ تھا۔ صدر ٹرمپ نے میئر کے اس فیصلے پر سخت نکتہ چینی کی ہے۔
25مئی کو ریاست منی سوٹا کے شہر مینا پولس میں سفید فام پولیس افسر کے ہاتھوں سیاہ فام جارج فلائیڈکی ہلاکت کے بعد نسلی منافرت کے خلاف ملک گیر احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔ مظاہرین نے پولیس کے مظالم کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے پولیس کو ڈی فنڈ کرنے کا مطالبہ کر رکھا ہے۔
منی سوٹا کے محکمہ پولیس کے سربراہ نے بتایا ہے کہ ریاست کے اس محکمے کی از سر نو تشکیل کی جارہی ہے۔ تاکہ آئندہ اس قسم کا واقعہ پیش نہ آئے۔ ایک رپورٹ کے مطابق احتجاجی مظاہروں کے دوران 140سے زائد صحافیوں کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے گرفتار کیا گیا اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ متعدد صحافی لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی زد میں آئے۔