احولیاتی آلودگی پاکستان ہی نہیں، دنیا کے بڑے مسائل میں سے ایک ہے لیکن ہمارے سیاستدانوں کوکرسی بچانے اور کرسی حاصل کرنے کی کشمکش سے فرصت نہیں۔ اب سرگودھا کی ایک 10سالہ بچی نے اس حوالے سے ایسا کام شروع کر دیا ہے کہ جان کر سیاستدان شرم سے پانی پانی ہو جائیں گے۔ ویب سائٹ ’پروپاکستانی‘ کی رپورٹ کے مطابق اس بچی کا نام زیمل عمر ہے جس نے پاکستان سے ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔ اتنی سی عمر میں جن عوامل نے زیمل کواس کام کی طرف راغب کیا وہ پلاسٹک بیگز کا بے بہا استعمال اور شہروں میں جا بجا کوڑے کے ڈھیر ہیں۔
زیمل کا کہنا ہے کہ ”شاپنگ بیگ ماحول کے لیے مستقل خطرہ ہیں کیونکہ یہ پھینک دینے کے بعد کبھی ختم نہیں ہوتے۔ اس کے باوجود لوگ انہیں بہت زیادہ استعمال کرتے ہیں اور لاپروائی سے کہیں بھی پھینک دیتے ہیں۔“رپورٹ کے مطابق زیمل کاغذی بیگ بناتی ہے، اس نے زی بیگز کے نام سے اپنا ایک برانڈ بھی شروع کر رکھا ہے۔ وہ لوگوں کو پلاسٹک کی بجائے کاغذ کے بیگ استعمال کرنے کی ترغیب دیتی ہے تاکہ آلودگی میں کمی لائی جا سکے۔ وہ پرانے اخبارات سے خوبصورت گفٹ بیگ بھی بناتی ہے اور اس سے حاصل ہونے والی آمدنی فلاحی تنظیموں کو چندے میں دے دیتی ہے۔زیمل کے اس احسن کام کی تعریف پاکستان میں ہی نہیں، سعودی عرب اور امریکہ میں بھی کی جا چکی ہے اور اب تک اسے کئی ایوارڈ مل چکے ہیں۔