سینئر صحافی و تجزیہ کار رﺅف کلاسرہ کے مطابق برطانیہ نے پاکستان کو دھمکی دی ہے کہ اب پی آئی اے کے جس بھی طیارے سے ہیروئن پکڑی جائے گی اسے ضبط کرلیا جائے گا۔
نجی ٹی وی 92 نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رﺅف کلاسرہ نے اینٹی نارکوٹکس کمیٹی کے اجلاس کا احوال بتایا اور کہا کہ اجلاس میں ہوابازی کے وزیر جنرل صلاح الدین ترمذی موجود تھے۔ چیئرمین کمیٹی خواجہ غلام رسول کے استفسار پر پتہ چلا کہ پی آئی اے کو دفن کیا جا چکا ہے اب اس کی آخری رسومات کی جارہی ہیں، برطانیہ نے کہا ہے کہ اگر پی آئی اے کے کسی بھی طیارے سے ہیروئن نکلی تو آپ کا طیارہ ضبط کرلیا جائے گا۔
رﺅف کلاسرہ نے کہا برطانوی حکام سے گزارش ہے کہ ہمارا طیارہ جرمنی نے رکھ لیا تھا تو تب بھی ہم نے کوئی توپ نہیں چلالی تھی اب آپ بھی ہمارا جہاز رکھ لیں کیونکہ ہمارے وزیر اعظم کی اپنی ذاتی کمپنی موجود ہے اس لیے ہمیں فرق نہیں پڑے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے کے دوران پی آئی اے کے متعدد طیاروں سے ہیروئن برآمد ہو چکی ہے جس کی وجہ سے پاکستان کو دنیا بھر میں ہزیمت اٹھانا پڑی، ہیروئن ملنے کے سب سے زیادہ واقعات لندن میں پیش آئے تھے۔