کیا یہ پانڈا ہے توآپ کا جواب درست نہیں‎

 شاید آپ بھی انہیں پانڈا ہی سمجھے ہیں، لیکن اٹلی کی پولیس نے ایک سرکس پر چھاپہ مار کر ان دو ”پانڈوں“ کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے کیونکہ دراصل یہ کتے ہیں جنہیں سفید اور سیاہ رنگ کرکے پانڈوں کے طور پر پیش کیا جارہا تھا اور عوام سے ڈھیروں رقم لوٹی جارہی تھی۔

پولیس کے مطابق یہ دھوکہ بازی “Orfei” سرکس کی طرف سے کی جارہی تھی جو عوام میں پانڈے کی بے پناہ مقبولیت کا غلط فائدہ اٹھا رہی تھی۔ چین اور چند دیگر ممالک میں پانڈے کی نسل کے جانور بہت محدود تعداد میں پائے جاتے ہیں اور ساری دنیا کے لوگ اور خصوصاً بچے انہیں دیکھنے کیلئے بے چین رہتے ہیں۔ سرکس نے اسی شوق کو رقم کمانے کا ذریعہ بنالیا اور ہنگری سے چاﺅ چاﺅ نسل کے دو کتے منگوا لئے جن کے جسم پر گھنے بال ہوتے ہیں اور انہیں بآسانی ”پانڈا“ بنایا جاسکتا ہے۔ ان کتوںکو پانڈے جیسا سیاہ اور سفید رنگ کرکے سرکس شروع ہونے سے پہلے ان کی نمائش کی جاتی تھی جہاں روزانہ بے شمار بچے ان کے ساتھ تصویریں بنواتے اور سرکس اس دھوکہ بازی سے ڈھیروں رقم کماتا تھا۔ دوسری جانب سرکس حکام کا موقف ہے کہ انہوں نے دھوکہ بازی نہیں کی اور نہ ہی جانوروں سے بدسلوکی کی گئی ہے بلکہ وہ ان کیلئے بچوں کی طرح ہیں۔ پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ کتوں کے پاسپورٹ پر ان کی عمر غلط لکھ کر غیر قانونی کام کیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ لکھیں