کورونا وائرس کتنے عرصے تک رہے گا؟ عالمی ادارہ صحت نے خدشہ ظاہر کردیا

کورونا وائرس کتنے عرصے تک رہے گا؟ عالمی ادارہ صحت نے خدشہ ظاہر کردیا

ایک ایسے وقت میں جب دنیا لاک ڈاون میں نرمی یا اسے ختم کرنے کا سوچ رہی ہے عالمی ادارہ صحت نے اپنے نئے خدشات کااظہارکردیاہے۔ڈبلیو ایچ او نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کووڈ 19طویل عرصے تک دنیا میں برقرار رہ سکتا ہے کیونکہ کئی ممالک میں یہ ابھی تک پھیل رہا ہے۔

عالمی ادارہ صحت  کے سربراہ  نےجنیوا میں بریفنگ کے دوران  کہا کہ ہم نے ایمرجنسی کا اعلان صحیح وقت پر کر دیا تھا جس کا جواب دینے کے لئے ملکوں کے پاس وقت تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ کچھ ممالک میں کورونا کیسز کم ہونا شروع ہوئے ہیں جبکہ کئی ممالک میں یہ اب بھی پھیل رہا ہے۔ گھروں پر رہنے اور سماجی فاصلوں کے احکامات پر عملدرآمد کی وجہ سے بیماری کا پھیلنا کم ہوا ہے لیکن پھر بھی یہ وائرس بہت ہی خطرناک ہے۔

انہوں نے کہا کورونا وائرس لمبے عرصے تک رہنے کا خدشہ ہے جبکہ مختلف ممالک میں اب بھی عالمی وبا پھیل رہی ہے۔ دنیا میں اس جان لیوا بیماری میں اضافے کا رجحان تشویشناک ہے۔

اقوام  متحدہ نے کہا کہ لاک ڈاؤن میں نرمی یا اسے ختم کرنا وائرس کے لیے دوبارہ سر اٹھانے جیسا ہو گا تاہم کچھ ممالک میں کورونا کیسز کم ہونا شروع ہوئے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے کہا کہ فنڈنگ روکنے سے ڈبلیو ایچ او کو کورونا سے نمٹنے میں مشکلات کا سامنا ہو گا۔ ڈبلیو ایچ او چیف نے کہا انہیں امید ہے، امریکہ اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے گا۔

عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب دنیا میں کورونا مریضوں کی تعداد چھبیس لاکھ سینتیس ہزار سے بڑھ چکی ہے اور ایک لاکھ چوراسی ہزار سے زائد اموات ہوئی ہیں جب کہ سات لاکھ  سترہ ہزار سے زائد افراد صحت یاب ہوئے۔

یورپ پر کورونا کے وار بدستور جاری ہیں اور فرانس میں مزید پانچ سو چالیس افراد کورونا کی وجہ سے موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔

فرانس میں مرنے والوں کی تعداد اکیس ہزار تین سو چالیس ہو گئی ہے اور ایک لاکھ ساٹھ ہزار کے قریب افراد کورونا سے متاثر ہیں۔

اٹلی میں چار سو سینتیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں اور مرنے والوں تعداد پچیس ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ اسپین میں چار سو پینتیس ہلاکتوں کے بعد مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار سات سو سے زائد ہوگئی ہے جب کہ دو لاکھ سے زائد افراد وائرس سے متاثر ہیں۔

بیلجئیم میں ہلاکتوں کی تعداد چھ ہزار دو سو سے بڑھ گئی ہے، جرمنی میں پانچ ہزار ایک سو سے زائد افراد وائرس کی نذر ہو گئے ہیں۔

امریکا میں آٹھ لاکھ اڑتالیس ہزار سے زائد افراد کورونا سے متاثر ہیں اور آج مزید دو ہزار تین سو اکتالیس افراد چل بسے ہیں۔

امریکہ میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد  سینتالیس ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ نیویارک میں کورونا کے دو لاکھ باسٹھ ہزار سے زائد کیسز ہیں اور بیس ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ریاست نیو جرسی میں کیسز پچانوے ہزار سے بڑھ  گئے ہیں۔

سعودی عرب میں بھی کورونا وائرس سے اموات کا سلسلہ جاری ہے۔ ایک روز میں مزید پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ اموات کی تعداد ایک سو 14 تک پہنچ گئی ہے۔ متاثرہ  افراد کی تعداد بارہ ہزار سات سو 72 ہو گئی ہے اور اب تک ایک ہزار آٹھ سو بارہ افراد نے موذی وائرس کو شکست دی ہے ۔

اپنا تبصرہ لکھیں