پیغام عید

Waseem sahil 1

عید الفطر خوشی کادن ہے یہ مبارک دن اﷲ تعالیٰ کی جانب سے اپنے بندوں کے لیے بہت بڑا انعام ہے- اس کی سعادتوں ،برکتوں ،رحمتوں اورفضیلتوں کے بیان سے صفحات بھرے پڑے ہیں مگراس کی حقیقی سعادتیں ،برکتیں ،رحمتیں اورمسرتیں اسی شخص کوحاصل ہوں گی جس نے رمضان المبارک کے تقاضے پورے کیے ہوں گے ،رمضان المبارک کی صداؤں پرلبیک کہاہوگااورجس نے رمضان المقدس کی روشنی سے اپنے دل کے مکان منورکیے ہو ں گے ۔ عید الفطرکادن ویسے توسبھی مسلمانوں کے لیے خوشی کاسورج لے کرطلوع ہوتا ہے چاہے انہوں نے رمضان شریف کا احترام کیاہو یا نہ کیا ہو لیکن اس عید کے دن سے جو چاشنی ، لذت اورجیسا ذائقہ روزے دارکشیدکرتے ہیں اورجوخوشیاں اورفرحتیں روزے داروں کونصیب ہوتی ہیں وہ بے روزداروں کو نصیب نہیں ہوتیں اور ہو بھی نہیں سکتیں چونکہ درحقیقت اگرہم غورکریں تواندازہوگاکہ اﷲ عزوجل نے اس دن کوروزے داروں ہی کے لیے خاص فرمایاہے بے روزے دارتوان کے طفیلی ہوتے ہیں۔بے روزداروں کے لیے عید کادن اور دیگر ایام ایک جیسے ہی ہیں اس لیے وہ سرور اور روحانی تسکین ان کو کیسے میسرآسکتی ہے ۔عید الفطرکے سارے فضائل اوربرکتیں اپنی جگہ لیکن اس مبارک دن کا سب سے عظیم فلسفہ یہ ہے کہ یہ امیروں اورغریبوں سبھی کے لیے خوشی کاپیغام لے کرآتاہے۔ یہ ببانگ دہل یہ اعلان کرتاہے کہ اپنے ساتھ دوسروں کوبھی اپنی خوشی میں شریک کیاجائے ۔اپنے پڑوسیوں ،رشتے داروں ،خاندان والوں ،غریبوں اورمفلسوں کاخاص خیال رکھاجائے تبھی صحیح معنوں میں عیدالفطرکی حقیقی خوشی حاصل ہوگی اورعید الفطر کے تقاضے پورے ہوں گے ۔ مگر افسوس آج ہم عید الفطرکے حقیقی پیغام کوسمجھنے کی کوشش نہیں کرتے۔ بڑے افسوس کے ساتھ کہناپڑتاہے کہ آج ہمارامعاشرہ حساس ،باغیرت اوردردمند افراد سے خالی ہوتاجا رہا ہے ۔ ایسے افراد اب دھیرے دھیرے عنقا ہوتے جارہے ہیں جودوسروں کابھی خاص خیال رکھتے ہوں گر آپ اپنے معاشرے کی فلاح چاہتے ہیں اس کو ترقی سے ہم کنار دیکھنا چاہتے ہیں تو اس عید الفطر کے دن سے زیادہ کوئی اچھا موقع فراہم نہیں ہوسکتا۔ دل سے سارے رنج وغم مٹا ڈالیے ،محبتیں تقسیم کرناشروع کردیجے، آج ہی سے اس کار خیر کی شروعات خود سے کیجئے دوسروں کے انتظار میں مت رہیے اتحاد و اتفاق کا ثبوت دیجئے اور اخوت اور بھائی چارگی کا مظاہر ہ کیجئے انشاء اﷲ سماج میں صالحیت کاانقلاب برپاہوجائے گا ۔ عیدالفطرمیں انفرادی نہیں اجتماعی خوشیاں منائیے در اصل یہی عید الفطر کا پیغام ہے اور یہی اس کا تقاضہ بھی ۔
اپنا تبصرہ لکھیں