اوسلو(عقیل قادر) پاک ناروے فورم کے زیر اہتمام یوم پاکستان کی شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں معززین اوسلو نے شرکت کر کے پروگرام کو کامیاب بنا یا۔پروگرام میں ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں میں سیاستدان، علمائے کرام، صحافی حضرات، بزنس مین، وکلاء ، ڈاکٹرز، سپورٹس مین اور دیگر نے شرکت کی۔ یوم پاکستان کے پروگرام کے مہمان خصوصی سفیر پاکستان عبدالحمید وڑائچ تھے ۔ یوم پاکستان کے پروگرام کا آغاز آیات ربانی سے کیا گیا جس کی سعادت مسلم سنٹر فیورست کے امام و خطیب نور علی سیالوی نے حاصل کی او ر اوسلو کے معروف ثناء خواں عبدالمنان نے نعت رسول مقبول ۖ پیش کی۔ تقریب سے اوسلو ٹی وی اور اوورسیز گلوبل ٹی وی کے ڈائریکٹر ارشد وحید چودھری نے اپنے ٹی وی چینلز کا تعارف اور اسکے مقاصد پیش کیے، اس موقع پر انہوں نے پاک ناروے فورم کے منتظمین کو خوبصورت پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔پاک ناروے فورم کے جنرل سیکریڑی چودھری وسیم شہزاد نے پاک ناروے فورم کا تفصیلی تعارف پیش کیا اور کہا کہ ہماری تنظیم غیر سیاسی ہے اور ہمارے ہر ممبر کو حق حاصل ہے کہ وہ کھل کر آزادی رائے کا اظہار کر سکے۔ تقریب سے ناروے کے معروف شاعر ارشد شاہین، نارویجن کرکٹ بورڈ کے صدر تنور احمد، سابق سپیکر اسمبلی اختر چودھری، معروف مذہبی سکالرمولانا محبوب الرحمن اور ناروے میں سفیر پاکستان عبدالحمید وڑائچ نے خطاب کیا اور تمام مقررین نے خود احتسابی پر زور دیا اور کہا کہ اگر ہم اپنے کردار کو بہتر بنائیں تو کوئی شک نہیں کہ پاکستان بہت کم عرصے میں ایک طاقتور ملک کے طور پر ابھر سکتا ہے۔پاک ناروے فورم کے صدر چودھر ی محمد اقبال، سنیئر نائب صدر مہر محمد عباس، نائب صدر راجہ عاشق حسین، جنرل سیکریڑی چودھر ی وسیم شہزاد، چیف آرگنائزر چودھری اسماعیل سرور، جوائنٹ سیکریڑی چودھری قمر عباس ٹوانہ اور ویلکم کمیٹی کے چیئر مین مہر محسن رضا نے تمام مقررین کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے جبکہ پاک ناروے فورم کے صدر چودھر ی محمد اقبال نے تمام مہمانوں کا پروگرام میں شرکت کرنے اور انہماک سے سننے پر شکریہ ادا کیا۔ پروگرام کی نقابت کے فرائض حاجی ذوالفقار علی نے احسن انداز میں ادا کیے۔