شعاعِ نور
محبت تو بقا ہے
صبر کی۔۔۔۔۔ شمع فروزاں ہے
جو درگاہوں پہ جلتی ہے
محبت صبح جیسی ہے
جو راہب کی سیاہ راتوں میں سورج کھینچ لاتی ہے
محبت منجمد دکھ ہے
جہاں پچھلے پہر کی نم ہوائیں
رات کی ہر داستاں کو یوں چھپاتی ہیں کہ جیسے ضبط
کی مٹھی میں آنسو برف ہوجائے
محبت مسکراہٹ ہے
جو اپنے سکھ کی خاطر خود کو یوں تحلیل کرتی ہے کہ جیسے
مسکراتی آنکھ پلکوں میں ستاروں کو چھپائے صبر کا اعزاز ہوجائے
محبت کپکپاتے لب کا نوحہ ہے
جو ہونٹوں پر کسی کے نام کے ہجے اٹھا لینے سے قاصر ہے کہ جو ہر حال میں تعظیم کو واجب سمجھتا ہے
محبت وہ جدائی ہے جہاں وہ ہجر کے تابوت میں خاموش لیٹی ہے
جو قالب کے بدل جانے کی استعداد رکھتی ہے
جو اپنے جسم کا گھر چھوڑ کر
ایسی بلندی پر اترتی ہے
جہاں پر سوچ کی تجسیم سے
منظر بدلتے ہیں
محبت وہ عبادت ہے
جہاں پر جسم و جاں کو بیچنا
لازم ہے عابد پر
جہاں پر سنگریزوں سے لہو
کی داستانیں لکھنے والوں کو
بڑا انعام ملتا ہے
محبت اپنی شرطوں سے کبھی بھی منحرف ہونے نہیں دیتی
محبت کے صحیفوں پر بلاغت اور فصاحت حکمراں سورج کی صورت ہیں
قلم لے کر جو اپنے ہاتھ میں لکھنا سکھاتی ہیں
جو اقرا سے علق تک کہکشاں ترتیب دیتی علم کی راہیں دکھاتی ہیں
محبت سے کبھی تم مل کے تو دیکھو
فقط پہلا قدم اس کی زمیں پر رکھ کے تم دیکھو۔۔
وہ تم سے یوں ملے گی جس طرح
بچھڑا ہوا کوئی۔۔ کسی اپنے سے ملتا ہے
کہ جیسے بین کرتے ہونٹ پر نوحہ جدائی کا مسرت میں بدلتا ہے
دعا کا در نکلتا ہے
کہ جیسے چاک پر دل انعکاس روشنی کھینچے
کہ تاحد نگہ وحدت سنہری تاج پہنے
بام پر جھانکے
جھروکے میں جھکے رنگین موسم وجد کی حالت میں
مخفی راز کو کھولیں
مہکتے بام ودر سینے کے رازوں سے مخاطب ہوں
محبت سیج پر بیٹھی دمکتی
کھینچ لے سانسوں کے زیر و بم
کسی کن کے نتیجے میں۔۔ کسی راہب کو اپنا ہمسفر کرلے
تقدس کے محل کی راہداری میں
محبت کے قدم رکھنے کی آہٹ ہے
یہ کیسی نظم ہے۔۔۔ جس کی قطاروں میں کئ شمعیں فروزاں ہیں
جسے لکھتے ہوئے آنکھوں کی رنگت آسمانی ہے
کوئی نجم الھدیٰ چمکا ہے
شب کے اس پہر جو دل کی تاریکی میں روشن بس یہی پیغام دیتا ہے
رضامندی کی راہوں میں فنا ہوتے ہوئے
آنسو بقا کو تھام لیتے ہیں
شراب معرفت بھرتے ہوئے کوزے اسی کا نام لیتے ہیں
یہ کس نے کہہ دیا تم سے محبت تو سزا ہے جسم وجاں کی
سرحدوں پہ ظلم ڈھاتی ہے
محبت تو بقا ہے صبر کی شمع فروزاں ہے
جو زندانوں کی زینت ہے
جو تجدید بقا کے واسطے خود کو جلاتی ہے
جو دیوانہ بناتی ہے ۔۔۔

Recent Comments