فیڈریشن آف مہاراشٹر مسلمس کی یاد داشت

ایس آئی آر عمل میں مزید دو ماہ کی توسیع ناگزیر: فیڈریشن آف مہاراشٹر مسلمس کا الیکشن کمیشن سے مطالبہ
ایس آئی آر عمل میں مزید دو ماہ کی توسیع ناگزیر: فیڈریشن آف مہاراشٹر مسلمس کا الیکشن کمیشن سے مطالبہ

کسان کھیتی میں مصروف، لاکھوں وارکری سفرِ واری پر، تکنیکی مسائل اور BLO پر اضافی بوجھ کے باعث لاکھوں اہل ووٹرز کے محروم رہ جانے کا خدشہ

جالنہ ، 20 جولائی 2026:

مہاراشٹر میں جاری اسپیشل اِنٹینسیو ریویژن (SIR) کی کارروائی کے لیے الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے 8 اگست 2026 تک مدت میں توسیع کا خیرمقدم کرتے ہوئے فیڈریشن آف مہاراشٹر مسلمس (FMM) نے مطالبہ کیا ہے کہ ریاست کی زمینی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اس عمل کے لیے مزید کم از کم دو ماہ کی توسیع دی جائے تاکہ کوئی بھی اہل ووٹر اپنے حقِ رائے دہی سے محروم نہ رہے۔

اس سلسلے میں فیڈریشن کے ایک وفد نے چیف الیکشن کمشنر آف انڈیا جناب گیانیش کمار، چیف الیکٹورل آفیسر، مہاراشٹر جناب چوکّلنگم اور ضلع کلکٹر جلنہ کے توسط سے ایک مفصل یادداشت پیش کی۔

یادداشت میں کہا گیا ہے کہ تقریباً 12 کروڑ آبادی والی ریاست مہاراشٹر کے لیے صرف 8 اگست تک کی مہلت ناکافی ہے۔ اس وقت لاکھوں کسان خریف کی بوائی میں مصروف ہیں، جبکہ بڑی تعداد میں وارکری آشاڑھی واری اور دیگر مذہبی اجتماعات میں شریک ہونے کی وجہ سے اپنے آبائی علاقوں سے باہر ہیں۔ مزید برآں ریاست کے کئی علاقوں میں Pre-SIR Mapping کا عمل ابھی مکمل نہیں ہوا، تکنیکی دشواریاں برقرار ہیں اور BLOs پر غیر معمولی کام کا بوجھ ہے، جس کے نتیجے میں ہزاروں نہیں بلکہ لاکھوں اہل ووٹرز کے اس عمل سے محروم رہ جانے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

فیڈریشن نے اپنی یادداشت میں مطالبہ کیا ہے کہ SIR کے لیے مزید دو ماہ کی مہلت دی جائے، ریاست گیر عوامی بیداری مہم چلائی جائے، ہر نئی ہدایت کے لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے سرکاری ویڈیوز جاری کی جائیں، معلومات مراٹھی سمیت تمام مقامی زبانوں میں فراہم کی جائیں، آن لائن اور تکنیکی مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں، گھر گھر فارم کی مؤثر تقسیم کو یقینی بنایا جائے، اور اساتذہ، آنگن واڑی کارکنان اور BLOs پر اضافی بوجھ کم کرنے کے لیے مطلوبہ افرادی قوت اور سہولیات فراہم کی جائیں۔

یادداشت میں اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ مہاراشٹر میں اس وقت کوئی فوری انتخاب منعقد نہیں ہو رہا، اس لیے SIR کی مدت میں مزید دو ماہ کی توسیع دینے میں کوئی انتظامی رکاوٹ نہیں ہے۔ اس لیے ریاست کے زمینی حالات کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے ہر اہل شہری کو اس عمل میں شامل ہونے کا مکمل موقع دیا جانا چاہیے۔

فیڈریشن آف مہاراشٹر مسلمس نے امید ظاہر کی ہے کہ الیکشن کمیشن جمہوری اقدار کے تحفظ، آزاد و منصفانہ انتخابی عمل اور ہر اہل شہری کے حقِ رائے دہی کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ان تمام مطالبات پر مثبت غور کرتے ہوئے فوری فیصلہ کرے گا۔

یادداشت پیش کرتے وقت شیخ مجیب (کوارڈینیٹر، فیڈریشن آف مہاراشٹر مسلمس)، حافظ زبیر فاروقی، محمد عطا بخشی (کنوینر)، احمد نور قریشی (سینئر صحافی)، قاضی سہیل، وسیم شیخ (سماجی کارکن)، سید رحیم (کارپوریٹر و سماجی کارکن)، ریاض انصاری اور جاذب احمد موجود تھے

اپنا تبصرہ لکھیں