سویڈن میں پاکستانی سفارت خانہ کی جانب سے پروگرام

arifسٹاک ہوم ( عارف کسانہ ؍ نمائدہ خصوصی ) سویڈن میں سفارت خانہ پاکستان میں کمیونیٹی سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری خارجہ جناب اعزاز احمد چوہدری نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہیں اور انہوں نے دنیا میں پاکستان کا نام بلند کیا ہے۔ سفارت خانوں کو خصوصی ہدایات دی ہیں کہ وہ عوام کے مسائل کو اولین ترجیح دیں۔ ملک کے حالات بہت بہتر ہوئے اور دہشت گرد ا ب بھاگ رہے ہیں۔ پوری قوم متحد ہے اور اس سلسلہ میں تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ دنیا پاکستان کے موقف کو سمجھتی ہے اور وہاں بہتر ہونے والے حالات سے بھی آگاہ ہے۔ مسئلہ کشمیر پر پاکستان اپنے اصولی موقف پر قائم ہے اور کشمیری عوام کے حق خود آرادیت کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ مذاکرات میں مسئلہ کشمیر بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ پاکستان ہمسایوں کے ساتھ بہتر تعلقات کے لیے کوشاں ہے اور ہمارا موقف اصولی اور واضح ہے۔پاکستان کے سویڈن کے ساتھ تعلقات بہت دوستانہ ہیں اور سویڈن کی جانب سے مختلف شعبوں میں تعاون کی خواہش کا اظہار کیا گیا ہے۔ اور تجارتی تعلقات میں مزید بہتری آرہی ہے اور جلد یہاں کا ایک اہم تجارتی وفد پاکستان کا دورہ کرے گا جس کے لیے سویڈن میں پاکستان کے سفیر طارق ضمیر کوشش کررہے ہیں۔ سیکریٹری خارجہ نے حاضرین کے سوالات کے جوابات بھی دیئے اور پاکستانی کمیونیٹی پر زور دیا کہ مقامی اقدار اور قوانین کا احترام کریں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نادرا کی جانب سے NICOP اور پاکستان اوریجن کارڈ کی فیس میں کمی کے لیے وزارت داخلہ کو اپنی سفارشات ارسال کریں گے۔ تقریب کے آغاز میں سویڈن میں پاکستان کے سفیر طارق ضمیر نے تقریب کے آغاز میں خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا سویڈن میں پاکستانی کمیونیٹی نمایاں مقم رکھتی ہے اور یہاں اپنی محنت اور قابلیت کی وجہ سے انہیں عزت اور قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

arif 2

اپنا تبصرہ لکھیں